پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر
گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا، عدالتی حکم کے باوجود الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا، مؤقف
عدالتی احکامات کے باوجود پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے تاریخ کا اعلان نہ کرنے پر شہری نے لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔
شہری منیر احمد نے اپنے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر توہین عدالت کی درخواست میں گورنر پنجاب ، الیکشن کمیشن سمیت دیگرکو فریق بنایا ہے۔
درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ عدالت نے الیکشن کمیشن کو گورنر پنجاب سے مشاورت کے بعد فوری انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا حکم دیا تھا لیکن الیکشن کمیشن نے عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیا۔ اتوار کے بعد اب صرف 60روز باقی رہ گئے ہیں، اس لیے انتخابات کی تاریخ کے اعلان میں مزید تاخیر نہیں کی جا سکتی ۔
درخواست گزار کے مطابق اسمبلی کی تحلیل کے 90 روز اندار الیکشن ہونے ہیں جب کہ اسمبلی تحلیل کو 30 روز گزر چکے ہیں اور اب 60 روز باقی ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے نشاندہی کی ہے کہ الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے 7 روز کے اندر الیکشن شیڈول جاری کرنا ہوتا ہے۔
درخواست میں قانونی نکتہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، اس لیے عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔