جنوری میں اوورسیز پاکستانیوں کی بھیجی گئی ترسیلات زر میں کمی ریکارڈ
جولائی تا جنوری 2022-23ء میں 16 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائی گئیں جو گزشتہ برس اسی عرصے کے مقابلے میں 11 فیصد کم ہیں
اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے گزشتہ ماہ بھیجی گئی ترسیلات زر میں سالانہ اور ماہانہ دونوں بنیادوں پر کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔
جنوری 2023ء میں اوررسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائی جانے والی ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 13.14فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔ اوور سیز پاکستانیوں نے گزشتہ ماہ ایک ارب 89کروڑ49 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائیں۔
سالانہ کے علاوہ ماہانہ بنیاوں پر بھی اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں کمی ہوئی ہے۔ ماہانہ بنیادوں پر گزشتہ ماہ جنوری 2023ء میں ترسیلات زر 9.99فیصد کم ہوئی ہیں۔
اوورسیز پاکستانیوں نے جولائی تا جنوری 2022-23ء میں 16 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائیں، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں بھجوائی جانے والی 17 ارب 98 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر کے مقابلے میں 11 فیصد کم ہیں۔