ضیاء محی الدین کے انتقال پر شوبز ستاروں کا اظہارِ افسوس
ان کا شاندار کام 67 برس پر محیط ہے، وہ پاکستانی ٹی وی کے سب سے پہلے حقیقی میزبان تھے، واسع چوہدری
ممتاز اداکار اور معروف ہدایت کار ضیاء محی الدین کے انتقال پر پاکستان شوبز انڈسٹری کی مختلف شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کی سپر اسٹار ماہرہ خان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ اُن کی موت ایک بہت بڑا نقصان ہے، اداکارہ نے ملک میں فنون کی خدمات پر ضیاء محی الدین کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
عدنان صدیقی نے لکھا کہ فنون کی دنیابراڈ کاسٹنگ کی لیجنڈ، اداکار اور تھیئٹر ڈائریکٹر کو الوداع کہتی ہے، جس طرح ہم ان کی زندگی اور فن پر خوش کا اظہار کرتے ہیں اسی طرح ہم ان کے نقصان پر سوگوار ہیں، انہوں نے ہمارے کلچر پر بے پناہ اثر ڈالا ہے۔
جنون گروپ کے گٹارسٹ اور شاعر سلمان احمد نے اپنے ٹویٹ میں مداحوں ضیاء محی الدین کے انتقال کی خبر دی اور ان کے لئے دعاؤں کی اپیل کی اور کہا کہ ضیاء صاحب کا خلا پر نہیں ہوگا۔
واسع چوہدری نے بھی اپنی ٹویٹ میں ضیاء محی الدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ان کام 67 برس پر محیط ہے، وہ پاکستانی ٹی وی کے سب سے پہلے حقیقی میزبان تھے اور ان کو اردو اور انگلش پر بے پناہ عبور حاصل تھا۔
فلمساز نبیل قریشی نے لکھا کہ مجھے یہ سعادت حاصل ہے کہ میں نے ناپا میں ان سے کچھ سیکھا ہے، وہ بہت مہذب انسان اور کمالیت پسند تھے، پاکستان میں ان سے زیادہ عمدہ کہانی سنانے والا نہیں آیا۔
اداکارہ عمران عباس نے لیجنڈری صدا کار کی تصویر شیئر کی اور لکھا 'الوداع ضیاء صاحب' جبکہ عثمان خالد بٹ نے ٹویٹ میں لکھا ' ایک عہد کا خاتمہ ہوگیا'۔