شہری قرض فراہم کرنے والی ایپس ’منی باکس‘’منی کلب‘ سے دور رہیں ایس ای سی پی
دونوں ایپ غیر منظور شدہ ہیں اور قرض خواہوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن
سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی) نے خبردار کیا ہے کہ شہری غیر منظور شدہ قرض فراہم کرنے والی ایپس "منی باکس" اور "منی کلب" کے ساتھ کسی قسم کے لین دین سے گریز کریں۔
ایس ای سی پی کے مطابق مذکورہ دونوں ایپ غیر منظور شدہ ہیں اور قرض خواہوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ ایس ای سی پی کے علم میں آیا ہے کہ مندرجہ بالا دونوں ایپس لائسنس یافتہ نان بینکنگ فنانس کمپنیز کا نام استعمال کر رہی ہیں تاکہ صارفین کا اعتماد حاصل کیا جا سکے۔
ایس ای سی پی کی جانب سےکسی بھی لائسنس یافتہ نان بینکنگ فنانس کمپنی کو "منی باکس" اور "منی کلب" نامی ایپس لانچ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
قانون کے مطابق لائسنس یافتہ نان بینکنگ فنانس کمپنیز کسی بھی ایپ کو ایس ای سی پی کی منظوری حاصل کرنے کے بعد ہی جاری کر سکتی ہیں۔