سندھ کی 7 جامعات میں مستقل وائس چانسلرز کا تقرر سمری وزیراعلیٰ ہاؤس کو موصول
وزیراعلیٰ سندھ شارٹ لسٹ امیدواروں کے انٹرویوز کے بعد ناموں کی منظوری دے دیں گے
سندھ کی 7 جامعات میں مستقل وائس چانسلرز کے تقرر کیلئے امیدواروں کی سمری وزیراعلیٰ ہائوس کو موصول ہوگئی، وزیراعلیٰ سندھ شارٹ لسٹ امیدواروں کے انٹرویوز کے بعد ناموں کی منظوری دیں گے۔
ان جامعات میں تین بڑے اعلیٰ تعلیمی اداروں آئی بی اے سکھر، مہران انجنیئرنگ یونیورسٹی جامشورو اور دائود انجینیئرنگ یونیورسٹی کراچی کے علاوہ سکھر وومن یونیورسٹی، اروڑ یونیورسٹی، اللہ بخش سومرو یونیورسٹی اور ٹیکنیکل یونیورسٹی خیرپور شامل ہیں۔
محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے ذرائع کے مطابق آئی بی اے سکھر یونیورسٹی میں وائس چانسلر کے لیے این ای ڈی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر آصف شیخ کا نام تین شارٹ لسٹ امیدواروں میں سب سے اوپر ہے اور وہ سب سے زیادہ مارکس لے کر سرفہرست ہیں۔
اسی طرح تلاش کمیٹی کی جانب سے مہران انجینیئرنگ یونیورسٹی میں ڈاکٹر طحہ علی کا نام سب سے زیادہ مارکس کے ساتھ اور دائود انجینیئرنگ یونیورسٹی میں ڈاکٹر ثمرین حسین کا نام سرفہرست ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر طحہ علی اس وقت بھی مہران انجینیئرنگ یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر ہیں جبکہ ڈاکٹر ثمرین حسین اس وقت اروڑ یونیورسٹی آف آرٹ، آرکیٹکچر، ڈیزائن اینڈ ہیریٹج سکھر کی وائس چانسلر ہیں جبکہ وہ اس سے قبل سکھر وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر رہ چکی ہیں۔
واضح رہے کہ آئی بی اے سکھر یونیورسٹی میں تقریباً دو سال جبکہ دائود انجینیئرنگ میں بھی لگ بھگ ایک سال سے زائد عرصے سے مستقل وائس چانسلر موجود نہیں۔
دائود انجینیئرنگ یونیورسٹی کا چارج مستقل مدت پوری کرنے والے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کے پاس ہے وہ اس یونیورسٹی کے پہلے اور بانی وائس چانسلر ہیں اور ان کے دور میں یونیورسٹی میں انجینیئرنگ کے کئی نئے شعبے کھل چکے ہیں۔