90 روز میں انتخابات کی پٹیشن اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے اندرونی اختلافات میں شدت

سیکریٹری بار کا آئینی درخواست سے لاتعلقی کا اعلان، ایگزیکٹو کمیٹی نے پٹیشن کے حق میں قرارداد منظور کرلی


ویب ڈیسک February 14, 2023
فائل فوٹو

پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں 90 روز میں الیکشن کرانے کیلئے ہائیکورٹ بار کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے اندرونی اختلافات میں شدت آگئی۔

ہائیکورٹ بار کے صدر شعیب شاہین اور سیکرٹری سعد راجپوت کے اختلافات کے بعد ایگزیکٹیو کمیٹی نے صدر اور پٹیشن کے حق میں قرارداد منظور کرلی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے صدر کی دائر کردہ پٹیشن سے سیکرٹری بار نے لا تعلقی کا اعلان کیا تھا۔

جوائنٹ سیکرٹری بار سہیل رشید کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق قراداد میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ بار کی جانب سے صدر شعیب شاہین نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی، آئینی درخواست آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے دائر کی گئی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ آئین کی بالادستی کے لیے صدر بار شعیب شاہین کی کوششوں کو سراہتے ہیں، ایگزیکٹو کمیٹی آئینی درخواست کے حق میں فیصلے کا اعادہ کرتی ہے۔

واضح رہے کہ صدر ہائیکورٹ بار شعیب شاہین نے دو روز قبل بار کی جانب سے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی جس میں سپریم کورٹ سے پنجاب اور کے پی کے الیکشن 90 روز کے اندر کرانے کی استدعا کی گئی ہے۔ سیکرٹری ہائیکورٹ بار کی جانب سے پٹیشن سے لاتعلقی کا اعلان کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں