حکومت نے سیلز ٹیکس کی شرح 18 فیصد کردی
حکومت نے آئی ایم ایف شرائط پر عمل کرنے کے لیے ٹیکس نفاذ شروع کردیا، سیلز ٹیکس کی شرح 18 فیصد مقرر، اطلاق آج سے ہوگا
وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کے ساتھ طے شدہ ایک کھرب ستر ارب روپے کے منی بجٹ کے تحت جی ایس ٹی کی شرح 18 فیصد مقرر کردی۔
حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط کو ماننے کے لیے نئے ٹیکس نافذ کرنا شروع کر دیئے ہیں، ایف بی آر نے جی ایس ٹی کی شرح سترہ سے بڑھا کر اٹھارہ فیصد کردی ہے جبکہ سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں بھی ڈیڑھ سو فیصد سے زائد تک اضافہ کردیا ہے۔
ایف بی آر کے سینئر افسر نے ایکسپریس کو بتایا کہ نہ صرف نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے بلکہ فیلڈ فارمشنز کو ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں اور ٹیکسوں کی نئی شرح کا اطلاق آج سے کردیا گیا ہے۔ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح بڑھانے کیلئے جاری کردہ ایس آر او نمبری178(I)2023میں بتایا گیا ہے کہ ٹیئر ون میں شامل سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ساڑھے چھ ہزار روپے سے بڑھا کرساڑھے سولہ ہزار روپے فی ایک ہزار سگریٹ کردی گئی ہے جبکہ ٹیئر ٹو میں شامل سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی دو ہزار پچاس روپے سے بڑھا کر پانچ ہزار پچاس روپے فی ایک ہزار سگریٹ کردی ہے۔
مزید پڑھیں: منی بجٹ کی منظوری کیلیے صدر مملکت نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کرلیے
اسی طرح جنرل سیلز ٹیکس کی شرح سترہ فیصد سے بڑھ کر اٹھارہ فیصد کردی گئی ہے اس حوالے سے ایف بی آر کے فیلڈ فارمشنز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں منگل کی رات رات بارہ بجے کے بعد جی ایس ٹی کی سترہ کی بجائے اٹھارہ فیصد شرح آپ لوڈ کردی گئی ہےٹیکس کی شرح Weboc سسٹم میں تبدیل کی گئی ہے جو خود بخود نئے ریٹ چارج کرنا شروع کردے گا۔