انسداد منشیات کارروائیوں میں سیکڑوں کلو چرس برآمد ملزمان گرفتار
مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے گئے
اے این ایف نے کئی شہروں میں منشیات کے خلاف کارروائیوں کے دوران سیکڑوں کلو چرس برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق بلوچستان سے ڈیرہ اسماعیل خان کے راستے راولپنڈی و اسلام آباد کی جانب منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ کارروائی میں ٹرک کے فرش میں بنے خُفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی ہے۔ حکام کے مطابق ڈی آئی خان یارک ٹول پلازہ کے قریب ٹرک سے 546 کلو چرس برآمد کرکے خیبر کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان سے 4 کلو چرس برآمد کرلی گئی ۔ علاوہ ازیں مانسہرہ سے ہری پور منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ کارروائی میں مانسہرہ کے رہائشی ملزم سے 2 کلو 500 گرام چرس برآمد کرلی گئی ہے۔
دریں اثنا اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ سے فلائٹ نمبر ER 701 کے ذریعے دبئی جانے والی خاتون مسافر سے 2 کلو 340 گرام چرس برآمد کرلی گئی ہے، جسے سامان میں موجود چنوں میں چھپایا گیا تھا۔ گرفتار خاتون کا تعلق فیصل آباد سے بتایا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے کار سے 9 کلو 600 گرام چرس برآمد کرکے چارسدہ کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ایک اور کارروائی میں اسلام آباد ایف 8/1 میں ایبٹ آباد کے رہائشی ملزم سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔
اینٹی نارکوٹکس فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیوں میں گرفتار کیے گئے ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔