’پاکستانیو تم 500 روپے لیٹر پٹرول بھی ڈلوا لوگے‘ فرحان سعید کا قوم پر طنز
فرحان سعید کا پٹرول کی بڑھتی قیمتوں پر آواز نہ اُٹھانے والی قوم سے ناراضی کا اظہار
پاکستان شوبز کے گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر ردِعمل دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ روز پٹرول 22 روپے 22 پیسے کے اضافے کے ساتھ 272 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 17.20 روپے اضافے کے ساتھ 262.80 روپے سے بڑھا کر 280 روپے فی لیٹر کر دیا گیا۔
پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جس پر جہاں ہماری سوئی ہوئی قوم پٹرول پمپس پر لمبی قطاریں لگائے کھڑی ہے وہیں شوبز فنکار بھی انہیں مہنگائی کے خلاف آواز اُٹھانے کیلئے بیدار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
گلوکار فرحان سعید نے پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں پر اپنا شدید ردِعمل دیتے ہوئے پاکستانی قوم سے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ فرحان سعید نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ انہیں اس بات پر افسوس ہے کہ پاکستانی قوم 500 روپے لیٹر پٹرول بھی ڈلوا لیں گے۔
فرحان سعید نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ 'پاکستانیو! تم 500 روپے لیٹر پٹرول بھی ڈلوا لو گے، جو قوم اپنے حق کیلئے کھڑی نہ ہو وہ یہ اور اس سے مزید بُرے کی حقدار ہے'۔
فرحان سعید کے اس ٹوئٹ پر ٹوئٹر صارفین نے بھی ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم کے نوجوان 272 روپے فی لیٹر پٹرول ڈلوا کر دھکے کھاتے ہوئے پی ایس ایل میچ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم پہنچنے میں مصروف ہے۔