منیبہ علی ٹی20 ورلڈکپ میں سینچری بنانے والی پہلی پاکستانی بیٹر بن گئیں

انہوں نے آئرلینڈ کے خلاف 68 گیندوں پر 102 رنز کی اننگز کھیلی

انہوں نے آئرلینڈ کے خلاف 68 گیندوں پر 102 رنز کی اننگز کھیلی (فوٹو: ٹوئٹر)

قومی ٹیم کی بیٹر منیبہ علی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ میں آئرلینڈ کے خلاف سنچری بنانے والی پہلی پاکستانی خاتون کھلاڑی بن گئیں، وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والی دنیا کی چھٹی خاتون کھلاڑی ہیں۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے آئرلینڈ کے خلاف ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کے اہم میچ میں منیبہ نے 68 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے 102 رنز کی اننگز کھیلی، جس کے باعث پاکستان 70 رنز فتحیاب ہوا۔

قومی ویمنز ٹیم کی بیٹر ندا ڈار اور منیبہ علی نے تیسری وکٹ کیلیے 101 رنز کی شراکت داری بنائی تھی۔


پلئیر آف دی میچ کا اعزاز پانے والی منیبہ علی نے کہا کہ جب مجھے اچھا آغاز ملا اور ندا باجی کے ساتھ شراکت قائم ہوئی تو وہ مجھے کہتی رہیں کہ بڑا سکور بناؤ، 13ویں اوور میں مجھے پتا چل گیا تھا کہ میں سنچری بنا سکتی ہوں جس کیلئے انہوں نے بہت سپورٹ کیا۔

مزید پڑھیں: ویمنز ٹی20 ورلڈکپ؛ پاکستان نے آئرلینڈ کو شکست دیدی

آئرلینڈ کے خلاف فتح کے ساتھ ہی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکان بحال ہوگئے ہیں، گزشتہ دنوں پاکستان کو ایونٹ کے اپنے پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں پہلے میچ میں 7 وکٹوں کی شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

واضح رہے کہ اتوار کو پاکستان کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہوگا جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں 2،2 میچوں میں فتح کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پہلی اور دوسری پوزیشن پر قابض ہیں۔
Load Next Story