’پاکستان 1992 کا ورلڈ کپ 2006 میں جیتا تھا‘ ندا یاسر کی ایک اور ویڈیو وائرل
ندا یاسر کے انٹرویو سے ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان آگیا
پاکستانی شوبز کی اداکارہ اور میزبان ندا یاسر کے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
حال ہی میں میزبان و اداکارہ ندا یاسر اور شائشتہ لودھی اسٹار فاسٹ باؤلر شعیب اختر کے17 فروری سے شروع ہونے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارم اردو فلکس کے پروگرام 'دی شعیب اختر شو' میں شریک ہوئیں جس کا ٹیزر سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔
پروگرام کے ٹیزر میں راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کو ندا یاسر سے ورلڈ کپ کے حوالے سے سوال پوچھتا ہوا دیکھا گیا جس پر ندا یاسر سوچ میں پڑ گئیں اور غلط جواب دے بیٹھیں۔
ندا یاسر کے اس غلط مگر دلچسپ جواب سے سوشل میڈیا پر ایک مرتبہ پھر میمز کا طوفان آگیا ہے اور سوشل میڈیا پر ندا یاسر کی فارمولا ون کی طرح یہ ویڈیو بھی خوب وائرل ہو رہی ہے۔
شو کے دوران شعیب نے ندا یاسر سے سوال کیا کہ 'پاکستان 1992 کا ورلڈ کپ کب جیتا تھا؟'جس پر ندا یاسر نے تھوڑا سوچنے کے بعد ساتھی میزبان و اداکارہ شائستہ لودھی سے مشورہ کرتے ہوئے جواب دیا کہ'2006 میں جیتا تھا'۔
شائستہ نے صحیح جواب دینے میں ندا یاسر کی مدد کرنے لگیں تو شیعب اختر نے انہیں روک دیا تاہم پھر بھی شائشتہ نے ندا کو بتانے کی کوشش کی کہ 1992 میں ہوا تھا۔
شعیب اختر نے اپنے سوال کو تبدیل کرتے ہوئے ندا یاسر کو پھر سے امتحان میں ڈال دیا اور سوال کیا کہ پاکستان 2009 کا ورلڈ کپ کب جیتا تھا؟ ندا نے جواب دیا 1992 میں۔
جواب غلط معلوم ہونے پر ندا یاسر نے کہا میں پہلے والے سوال کا جواب دے رہی تھی جس پر شائستہ نے کہا پہلے سوال تو غور سے سُنو۔ سوشل میڈیا پر پروگرام کا ٹیزر جاری ہوتے ہی وائرل ہو گیا اور صارفین نے شعیب اختر کے اس مزاحیہ انٹرویو پر دلچسپ تبصرے شروع کر دیئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی میزبان و اداکارہ ندا یاسر کی اپنے مارننگ شو سے مختلف ویڈیوز وائرل ہو چکی ہیں جس پر انہیں سوشل میڈیا صار فین کی جانب سے ٹرول کیا گیا تھا۔