پٹرول مہنگا جڑواں شہروں میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں من مانا اضافہ
پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹرز نے مرضی کے کرایے وصول کرنا شروع کردیے، اسٹاپ ٹو اسٹاپ گاڑیوں کا کرایہ بھی بڑھا دیا گیا
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیے جانے کے بعد جڑواں شہروں میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں من مانا اضافہ کردیا گیا۔
راولپنڈی ، اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ چلانے والوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھتے ہی مرضی کے کرایے وصول کرنا شروع کردیے ہیں جب کہ سستی پبلک ٹرانسپورٹ بھی مہنگی ہو گئی ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھتے ہی راولپنڈی گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں اضافہ کردیا جب کہ اسٹاپ ٹو اسٹاپ چلنے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10 روپے فی اسٹاپ بڑھا دیے گئے ہیں۔
مہنگائی کے ستائے عوام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ کرایے بڑھنے سے مزید پریشان ہو گئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک جانب حکومت اربوں روپے کے ٹیکسز عائد کررہی ہے جب کہ اسی دوران گیس مہنگا کرنے کے ساتھ پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے اشیائے ضروریہ کی تمام اشیا کی قیمتیں بڑھ جائیں گی۔