پی ٹی آئی کے 70ارکان اسمبلی کے استعفوں کی منظوری لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
فواد چوہدری، شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک اور اسد عمر سمیت دیگر ارکان نے درخواست دائر کی
پاکستان تحریکِ انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے استعفے منظور کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری، شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک اور اسد عمر سمیت 70 ارکان نے درخواست دائر کی، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ اسپیکر نے استعفے منظور کرنے سے پہلے ارکین اسمبلی کا موقف نہیں لیا، الیکشن کمیشن نے استعفے منظور ہونے کے بعد ممبران کو ڈی نوٹی فائی کر دیا۔
مزید پڑھیں؛ پی ٹی آئی کے 43 ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل
استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پی ٹی آئی ارکان کے استعے منظور کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے اور الیکشن کمیشن کو متعلقہ حلقوں میں ضمنی انتخابات کا انعقاد کروانے سے روکنے کا حکم بھی دے۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے 43 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل کیا تھا۔ ریاض فتیانہ سمیت پی ٹی آئی کے 43 ارکان اسمبلی نے استعفے منظوری کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔