پرویز الہی اور انکے وکلا کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی رانا ثنا نے گرفتاری کا عندیہ دیدیا
وزیر داخلہ نے آڈیو جاری کی، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو گرفتار کرکے معاملے کی تحقیقات کی جائے گی، رانا ثنا اللہ
وزیر داخلہ نے پرویز الہی اور ان کے وکلا کی مبینہ آڈیو جاری کردی جس میں پرویز الہی مقدمہ اپنی مرضی سے لگوانے کی بات کررہے ہیں، رانا ثنا اللہ نے ایف آئی اے کو وزارت قانون سے آڈیو لیک کے معاملے پر رائے لینے کی ہدایت کرتے ہوئے پرویز الہی کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا عندیہ دے دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس حوالے سے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی جس میں یہ آڈیو جاری کی گئی۔ آڈیو میں مبینہ طور پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی اپنے وکیل کو ایک کیس مرضی کے جج کے پاس لگوانے کی ہدایات دے رہے ہیں۔
آڈیو کا متن :
پرویز الہی: جوچا صاحب
جوچا: جی جی
پرویز الہی: مظاہر علی نقوی کے پاس لگوانا ہے محمد خاں کا کیس
جوچا: اچھا۔۔چلو ۔۔ آج وہ اسلام آباد چلا جائے گا۔۔ ہم اسلام آباد بھیج دیں گے۔ پھر جو طریقہ کار ہوگا اس کے پیچھے کوشش کرلیں گے۔
پرویز الہی: کراﺅ ناں جی
جوچا: بالکل کوشش کرلیں گے جی
جوچا: مظاہر علی اکبر نقوی ۔۔۔
پرویز الہی : ہاں
پرویز الہی: بس ٹھیک اے جی
پرویز الہی: بڑا دبنگ ہے
جوچا: جی۔۔ہاں ۔۔۔ ہے۔۔ جانتا ہوں میں
وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الہی کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور پرویز الہیٰ کو گرفتار کرکے اس معاملے کی تحقیقات کی جائے گی، آڈیو کی فرانزک میں شواہد ان کے خلاف ملے تو مقدمہ درج ہوگا۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ اگر یہ معاملہ مزید آگے بڑھتا ہے تو اس کو جوڈیشل کمیٹی کے پاس بھیجا جائے گا تاکہ عدلیہ کا ادارے کا احترام محفوظ رہے۔
یہ بھی پڑھیں : آڈیو لیک کیس؛ شوکت ترین کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع
علاوہ ازیں انہوں نے مزید کہا کہ عمرانی ٹولے نے انصاف اور قانون کا مذاق بنا رکھا ہے، عدالت میں پیش ہونے کا وعدہ کرتے ہیں لیکن پیش نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ ججز نے بار بار کہا عمران خان کے پیش ہونے تک ریلیف نہیں ملے گا، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا نے وعدہ کرکے بھی انہیں پیش نہیں کیا۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ پہلے ان لوگوں نے اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر چڑھ کر ملک، قوم اور معیشت برباد کی اور اب سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے خلاف ہرزہ سرائی شروع کی ہوئی ہے۔