چین کے جنرل فان جیانجن کو ہلال امتیاز ملٹری کے اعزاز سے نواز دیا گیا

سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے حکومت پاکستان کی جانب سے بومیٹیک ڈائریکٹر جنرل کو اعزاز سے نوازا


ویب ڈیسک February 16, 2023
—فوٹو: ایکسپریس نیوز

سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے حکومت پاکستان کی جانب سے چین کے ڈائریکٹر جنرل بیورو آف ملٹری اکویپمنٹ ٹیکنیکل کوآپریشن (بومیٹیک) جنرل فان جیانجن کو ہلال امتیاز (ملٹری) کے اعزاز سے نواز دیا۔

ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورہ کے دوران جنرل فین کو یہ ایوارڈ پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ آپریشنل صلاحیتوں میں اضافے کی بھرپور کوششوں اور اعلیٰ کارکردگی کے اعتراف میں دیا گیا۔

جنرل فان جیانجن نے ایئر چیف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے اہم امور سمیت علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان ایئر فورس کی جدید آپریشنل صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کے اپنے وژن کے وسیع منصوبوں کا ذکر کیا اور پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیئے موجودہ آپریشنل صلاحیتوں کے فروغ اور عصر حاضر کے عسکری اصولوں کے مطابق خاص طور پر آرٹیفشل انٹیلیجنس، سائبر اور اسپیس کے شعبوں میں جاری منصوبوں پر روشنی ڈالی۔

ایئر چیف نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک کے مابین تاریخی اور بے مثال تزویراتی شراکت داری قائم ہے۔ انہوں نے پاک فضائیہ اور پیپلز لیبریشن آرمی ائیر فورس کے مابین فوجی تعاون اور تربیتی شعبوں میں موجود دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے مزید کہا کہ "پاکستان چین کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی، دفاعی تعلقات اور لازوال دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور یہ تعلقات علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔"

جنرل فان جیانجن نے ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازے جانے پر ائیر چیف اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان تعاون مستقبل میں بھی یونہی جاری و ساری رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |