منافع خوروں کیخلاف کارروائی ضلعی مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم

بچت بازار میں سستی اشیاملیں گی،رمضان بچت بازارلگے گا،حکومت کاسستاآٹا بچت بازاروں میں رعایتی نرخ پرملے گا


کے ایم عباسی February 17, 2023
جوڑیا بازار میں خواتین اشیائے خورو نوش خرید رہی ہیں،بڑھتی مہنگائی کے باعث شہریوں کی قوت خرید متاثر ہوئی ہے ۔ فوٹو : فائل

سندھ حکومت نے منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی شروع کردی۔

چیف سیکریٹری سندھ نے سیکریٹریوں کی سربراہی میں ضلعی مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کردیں کمیٹیاں 30 ہزار سے 5 لاکھ تک کا جرمہ عائد کرسکیں گی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سندھ حکومت نے سستے بازار لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی زیرصدارت صوبے میں ضروری اشیا کے قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں سیکریٹری داخلہ سعید احمد منگریجو، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، سیکریٹری صنعت عبدالرشید سولنگی، سیکریٹری اطلاعات آصف اکرام، سیکریٹری خوراک اور سیکریٹری زراعت سمیت دیگر شریک ہوئے ، تمام ڈویژنل کمشنرز نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری نے کہا کے منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، سیکریٹریوں کی سربراہی میں تمام اضلاع میں کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں، ڈویژنل کمشنر ، ڈپٹی کمشنر ، ایس ایس پیز، ڈپٹی فوڈ کنٹرول اور بیورو اور سپلائی کے ڈپٹی ڈائریکٹر کمیٹی اراکین ہوں گے۔

کمیٹی اضلاع میں قیمتوں پر کنٹرول، ضروری اشیا کی فراہمی اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلیے کارروائیوں کو دیکھیں گی۔

چیف سیکریٹری کی ہداہت پر جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سیکریٹری صنعت عبدالرشید سولنگی ضلع شرقی، اقبال انجم جمانی ضلع غربی ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ ضلع جنوبی اور سیکریٹری محنت لئیق احمد ضلع وسطی ، سیکریٹری ماحولیات آغا واصف ضلع کورنگی، سیکریٹری جنگلات بدر جمیل میندھرو ضلع ملیر ، سیکریٹری آئی ٹی آصف اکرام ضلع کیماڑی کی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے ، چیف سیکریٹری نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ فلور ملوں اور گھی ملوں کا دورہ کریں۔

جہاں بھی ذخیرہ اندوزی ہو سخت کارروائی کی جائے انھوں نے کہا کے ہر تحصیل میں حکومت کی جانب سے رمضان میں بچت بازار لگائے جائیں گے، بچت باراز میں ضروری اشیا کو سستے دام میں فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، حکومت کا سرکاری نرخ پر عوام کو دیا جانے والا سستا آٹا بچت بازاروں میں رعایتی قیمت پر فروخت ہوگا، اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کے قیمتوں پر کنٹرول کے موجودہ قانون میں ترمیم کی جائے گی، پرائس کنٹرول انسپکٹر کو مزید اختیارات دیے جائیں گے۔

منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزون پر جرمانہ 30 ہزار سے بڑھاکر کر 5 لاکھ کردیا جائے گا ، منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی پر دکان کو سیل کرکے تمام سامان کی سرکاری دام میں نیلامی کی جائے گی، انھوں نے مزید کہا کے سیکشن افسر اور دیگر سرکاری افسران کو بھی رمضان میں پرائس چیکنگ کے اختیار دیے جائیں گے، موجودہ پرائس کنٹرول قانون میں ترمیم کے لیے ڈرافٹ تیار کرنے کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے ، کمیٹی میں سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری زراعت، کمشنر کراچی اور کمشنر حیدرآباد شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں