سلطانز فتح کا مشن جاری رکھنے کے خواہاں

سلطانز کا آج پشاور زلمی سے مقابلہ، سرپرائز پیکیج احسان ایک بار پھر امیدوں کا محور

سلطانز کا آج پشاور زلمی سے مقابلہ، سرپرائز پیکیج احسان ایک بار پھر امیدوں کا محور (فوٹو: ٹوئٹر)

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں میچ میں ملتان کے سلطانز اپنی سلطنت میں فتح کا مشن جاری رکھنے کے خواہاں ہیں، آج پشاور زلمی کے مدمقابل آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز کو ہوم گراؤنڈ پر پہلے میچ میں اچھی کارکردگی کے باوجود لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، ٹیم نے دوسرے مقابلے میں زبردست کم بیک کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آؤٹ کلاس کیا۔

شان مسعود ابھی تک بڑی اننگز نہیں کھیل پائے، کپتان محمد رضوان اور رائیلی روسو اچھی فارم میں ہیں،ڈیوڈ ملر، کیرن پولارڈ اور خوشدل شاہ چھکے چھڑانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،ملتان سلطانز کی ٹیم انجرڈ شاہنواز دھانی کی خدمات سے محروم ہوچکی مگر گذشتہ میچ میں صرف 12رنز دے کر 5شکار کرنے والے احسان اللہ سرپرائز پیکیج ثابت ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: ملتان سلطانز کے احسان اللہ کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف تباہ کن بولنگ

ان کی برق رفتار گیندیں بیٹرز کا حوصلہ آزمائیں گی، عباس آفریدی اور ثمین گل کی میڈیم پیس بولنگ بھی کارآمد ثابت ہوسکتی ہے،عقیل حسین اور اسامہ میر اسپن کا جادو جگانے کی کوشش کریں گے۔حریف ٹیم پشاور زلمی نے پہلے میچ میں سخت مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 2رنز سے شکست دی تھی۔


کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی،ٹام کوہلر کیڈ مور نے چھکے چھڑائے،جارح مزاج اوپنر محمد حارث اور مڈل آرڈر بیٹر بھانوکا راجا پکسا پہلے میچ کی ناکامی کا ازالہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

مزید پڑھیں: ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی

صائم ایوب، جمی نیشم اور شکیب الحسن جارحانہ بیٹنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں، پشاور زلمی کو اپنے بولنگ پلان پر ازسر نو غور کرنا ہوگا،جمی نیشم بطور بولر بھی کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔

پیسرز وہاب ریاض،سلمان ارشاد اور خرم شہزاد کو لائن و لینتھ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

پہلے میچ میں تجربہ کار اسپنر شکیب الحسن کا ساتھ دینے کیلیے سفیان مقیم کا انتخاب کیا گیا تھا،نوجوان بولر کو باہر بٹھاکر کسی دوسرے آپشن پر غور کیا جاسکتا ہے۔ گذشتہ 4باہمی مقابلوں میں ملتان سلطانز نے برتری ثابت کی ہے، پشاور زلمی نے حریف کیخلاف فروری 2021کے بعد کوئی فتح نہیں حاصل کی۔
Load Next Story