ہوم ٹیم کے میچ میں اسٹیڈیم شائقین کی راہ تکتا رہا

بڑھتی ہوئی مہنگائی، سہولیات کے فقدان اور پارکنگ کے مسائل وجوہات قرار


Express News/Zubair Nazeer Khan February 17, 2023
بڑھتی ہوئی مہنگائی، سہولیات کے فقدان اور پارکنگ کے مسائل وجوہات قرار (فوٹو: فائل)

پی ایس ایل میں ہوم ٹیم کے میچ میں اسٹیڈیم شائقین کی راہ تکتا رہا، کراچی کنگز اور اسلام آباد کے مقابلے میں تعداد 10سے 12 ہزار کے درمیان رہی، مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی مفت ٹکٹ طلب کرنے والوں کو مسکرا کر ٹالتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل درمیان میچ شائقین کی زیادہ توجہ نہ حاصل کرپایا، ایک محتاط اندازے کے مطابق 32 ہزار نشستوں کے اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی تعداد 10 سے 12 ہزار کے درمیان رہی، اکثریت نے میچ میں عدم دلچسپی کا سبب بڑھتی ہوئی مہنگائی کو قرار دیا۔

سہولیات کے فقدان اور پارکنگ کے مسائل کی وجہ سے بھی شائقین کی تعداد میں کمی رہی، نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف میں ٹریفک جام کے سبب بھی کئی تماشائیوں نے اسٹیڈیم آنے کا پروگرام ملتوی کردیا۔

مزید پڑھیں: پی سی بی نے کراچی کے 18 سال سے کم عمر شائقین کیلیے ٹکٹ کی قیمت آدھی کردی

دوسری جانب سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد دیکھی گئی،میچ کے دوران روایتی انداز میں تماشائیوں کی طرف سے موبائل ٹارچ روشن کرنے کا منظر بھی دیکھنے میں نہ آسکا۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کیں،وہ میچز کے مفت ٹکٹ طلب کرنے والوں کو مسکرا کر ٹالتے رہے، میچ کے دوران طبی عملہ اور ایمبولینس پوری طرح مستعد رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔