عباسی شہید اسپتال میں عملے کا انتظامی افسران پر تشدد

 ملازمین کی بدسلوکی پر انتظامیہ نے مزید کام کرنے سے انکار کردیا


Staff Reporter February 17, 2023
 واقعے کے بعد چیئرمین ہیلتھ کمیٹی عبدالحسیب اجلاس چھوڑ کر چلے گئے . فوٹو : فائل

عباسی شہید اسپتال میدان جنگ بن گیا، ملازمین کے ایک گروپ نے اسپتال انتظامیہ اور سابق سینیٹر عبدالحسیب پر تشدد کی کوشش کی۔

ملازمین نے ڈی ایم ایس ڈاکٹر طارق پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کردی ، ملازمین کے جارحانہ روییاور گالم گلوچ کرنے پر سابق سینیٹر عبدالحسیب انتظامیہ سمیت اجلاس چھوڑ کر اسپتال سے چلے گئے۔

ملازمین کی بدسلوکی اورغنڈہ گردی پر انتظامیہ نے مزید کام کرنے سے انکار کردیا، سابق سینیٹر اور چیئرمین ہیلتھ کمیٹی عبدالحسیب اسپتال انتظامیہ کے ساتھ اسپتال کی بہتری کے حوالے سے ڈائریکٹر آفس میں اجلاس میں مصروف تھے۔

اس دوران اسپتال ملازمین کا ایک گروپ ڈائریکٹر آفس میں گھس گیا اور وہاں موجود سابق سینیٹر سمیت دیگر افسران کو مغلظات بکنے لگا اسی دوران مشتعل ملازمین میں شامل امتیاز،اسد،فراز،کاشف مجید اور ڈاکٹر مبشر سمیت غیر متعلقہ افراد نے ڈاکٹر طارق کو شدید تشدد کانشانہ بناتے ہوئے سابق سینیٹر عبدالحسیب پر بھی تشدد کی کوشش کی۔

ملازمین کے جارحانہ رویے پر عبدالحسیب افسران سمیت اجلاس چھوڑ کر اسپتال سے چلے گئے، ملازمین کے خطرناک عزائم پر ایم ایس عباسی اسپتال سمیت دیگر افسران نے ایدمنسٹریٹر کراچی کو تمام صورتحال سے تحریری طور پر آگاہ کرتے ہوئے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا او کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی غنڈہ گردی کا نوٹس لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں