پاکستان امریکا کا آئندہ توانائی کے تمام منصوبوں پر ملکر کام کرنے پر اتفاق

واشنگٹن میں ورکنگ گروپ برائے اقتصادیات ومالیات کے اجلاس میں دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزیدوسعت دینے پربھی اتفاق کیاگیا


Numainda Express April 11, 2014
امریکی وفدکااقتصادی بحالی کیلیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کاخیرمقدم،اسحق ڈارکی نائب وزیر خارجہ ولیم جے برنزسے بھی ملاقات . فوٹو: فائل

پاکستان امریکا ورکنگ گروپ برائے اقتصادیات ومالیات کے واشنگٹن میں ہونے والے اجلاس میں دوطرفہ تجارتی تعلقات کومزیدوسعت دینے پراتفاق ہواہے۔

اجلاس میں پاکستانی وفدکی قیادت وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار اورامریکی وفدکی قیادت انڈر سیکریٹری برائے اقتصادی ترقی کیتھرین این ناولی نے کی۔ اجلاس میں 23 اکتوبر2013ء کو وزیراعظم نوازشریف اور امریکی صدر باراک اوباماکی ملاقات کے مشترکہ اعلامیے کی روشنی میں دو طرفہ اقتصادی تعاون کومزید بڑھانے کے طریقوں پرغورکیاگیا۔ فریقین نے مستقبل میں توانائی سے متعلق تمام منصوبوں میں ملکرکام کرنے پراتفاق کیا۔ پاکستانی طلبہ، اسکالروں اور محققین کیلیے امریکی اداروں میں تعلیم وتحقیق کے مواقع کوفروغ دینے کے عزم کابھی اعادہ کیا گیا۔دونوں ملکوں نے تزویراتی مذاکرات عمل کے تحت سائنس،ٹیکنالوجی وتعلیم کیلئے ورکنگ گروپ کے قیام کاجائزہ لینے پربھی اتفاق کیا۔ اسحاق ڈارنے امریکی وفدکوبتایا کہ وزیراعظم نوازشریف کی حکومت پاکستان کوعلاقائی تجارت اوراقتصادی سرگرمیوںکامرکزبنانے کیلیے پرعزم ہے۔

انھوں نے مختلف توانائی منصوبوں بالخصوص داسو اور دیامر بھاشا ہائیڈل پراجیکٹ میں امریکہ کی شمولیت پر زوردیا۔امریکی وفدنے پاکستان کی اقتصادی بحالی کیلیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کاخیرمقدم کرتے ہوئے مالیاتی خسارہ میںکمی، کرنسی کے استحکام اور سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری لانے کیلئے حکومت پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی اور انٹرنیشنل بانڈ مارکیٹ میں کامیاب واپسی کاخیرمقدم کیا۔امریکا کے نائب وزیرخارجہ ولیم جے برنزنے بھی اسحاق ڈار سے ملاقات میں حکومت پاکستان کی اقتصادی استحکام و ترقی کے حوالے سے کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کی بین الاقوامی بانڈ مارکیٹ میں واپسی کو پاکستانی معیشت پر بین الاقوامی برادری کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت قرار دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں