طلبہ ملکی خرابیاں ٹھیک کرنے پر کمرباندھ لیں صدر ممنون

ایسے ادارے قائم کیے جانے چاہئیں جہاں جدید تقاضوں کے مطابق اساتذہ کوتربیت دی جا سکے


Staff Reporter April 11, 2014
کراچی: صدر ممنون حسین سرسید انجینئرنگ یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کررہے ہیں۔

صدر ممنون حسین نے کہاہے کہ طلبہ ملکی خرابیاں ٹھیک کرنے پر کمرباندھ لیں، ایسے ادارے قائم کیے جانے چاہئیں جہاں جدید تقاضوں کے مطابق اساتذہ کو تربیت دی جاسکے۔

یہ ملک ہم سب کی توجہ کا طالب ہے، جلسہ تقسیم اسنادطلبہ کی زندگی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے، آپ ایک ایسے ادارے سے فارغ التحصیل ہو کر جارہے ہیں جس کی بنیاد فکر سرسید پر رکھی گئی، سرسید احمد خاں کا نام برصغیر میں مسلمانوں کی اعلیٰ تعلیم کی علامت بن چکا تھا اور آج بھی ان کی فکر اور نظریے کی تقلید میں کئی ادارے سائنسی و دیگر علوم کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں، سرسید احمد خان نے اس خطے میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی شکل میں ایک ایسا ادارہ قائم کیا جس کا نام رہتی دنیا تک باقی رہے گا۔ وہ جمعرات کوسرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے 17ویں کانووکیشن سے خطاب کررہے تھے۔

جلسہ تقسیم اسناد میں 6 شعبہ جات میں بی ای اورماسٹرز پروگرام میں 1100 طلبا و طالبات کواسناد تفویض کی گئیں۔ صدر ممنون حسین نے اس موقع پر مختلف ٹیکنالوجیز میں اول، دوئم اور سوم آنے والے طلبہ کو گولڈ، سلور اور برونز میڈلز دیے۔ انھوں نے طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ عملی زندگی کا آغاز کرنے جارہے ہیں ان پر بہت ذمے داریاں ہیں طلبہ یہ نصب العین بنا لیں کہ جو بھی ذمے داری ان کو تفویض کی جائے گی وہ اسے بخوبی پورا کریں گے، یہ ملک اللہ کی نعمت ہے اور اس کی قدر اور اس کی اہمیت کو سمجھیں یہ ملک ہم سب کی توجہ کا طالب اور مستحق ہے۔

طلبہ ملک کی خرابیوں کو ٹھیک کرنے کے لیے کمربستہ ہو جائیں، اگرطلبہ نے اپنی ذمے داریاں پوری کرنی شروع کردیں تو ملک میں موجود خرابیاں خود بخود دور ہوتی چلی جائیں گی، ملک کو اس راہ پر گامزن کریں جس کا خواب قائد اعظم، علامہ اقبال اور سرسید احمد خان نے دیکھا تھا۔ صدر ممنون حسین نے اساتذہ کی اہمیت پر زور دیتے ہو ئے کہا کہ اساتذہ جو بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرتے ہیں،سب سے اہم ہوتے ہیں، انتظامیہ کی یہ ذمے داری ہے کہ وہ اچھے ٹیچرز کو اپنے ادارے میں شامل کرے، ایسے ادارے قائم کیے جانے چاہئیں جہاں جدید تقاضوں کے مطابق اساتذہ کو تربیت دی جاسکے۔ قبل ازیں تقریب سے سرسید یونیورسٹی کے چانسلر انجینئر محمد عادل عثمان اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید جاوید حسن رضوی نے بھی خطاب کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں