کراچی میں فائرنگ ن لیگ کے رہنما وقار الحسن ایڈووکیٹ سمیت5 افراد قتل

مقتول وکیل کے پاس زیادہ تر انسداد دہشت گردی کے مقدمات تھے، گلشن میں جلاؤگھیراؤ، پولیس اوررینجرزکالاٹھی چارج


Staff Reporter April 11, 2014
کورنگی سے پرانی لاش ملی، قصبہ کالونی، پہلوان گوٹھ، کلاکوٹ، گلستان جوہر،کورنگی روڈ، برنس روڈ پر فائرنگ،گلبہار میں کشیدگی فوٹو: محمد عظیم/ایکسپریس

KHAIRPUR: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ہائی کورٹ کے ایڈووکیٹ سمیت 5افراد ہلاک ہو گئے۔

ایک شخص کی لاش ملی۔ گلشن اقبال کے علاقے بلاک نمبر7 موچی موڑ کے ایف سی فاسٹ فوڈ ریستوران کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے سیاہ ٹویوٹا کرولا AUD-550 پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کار میں سوار وقار الحسن شاہ ایڈووکیٹ زخمی ہوگئے جبکہ ان کا ڈرائیور ظہور معجزانہ طور پر بچ گیا، پولیس اوررینجرز نے موقع پر پہنچ کر زخمی وکیل کو نجی اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی بعد ازاں لاش پولیس کارروائی کے لیے جناح اسپتال لائی گئی، ایڈوکیٹ وقار الحسن کی ہلاکت کی اطلاع پر مشتعل افراد نے گلشن اقبال ڈسکو بیکری کے قریب گاڑیوں پر پتھراؤ کر کے ٹریفک معطل کرا دیا جبکہ نامعلوم افراد نے ہنگامے کے دوران سڑک پر ٹائر نذر آتش کیے، پولیس اوررینجرز نے ہنگامہ کرنے والے مشتعل افرادکولاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کر کے منتشر کردیا، ایس ایچ او گلشن اقبال انسپکٹر اورنگ زیب خٹک نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول وقار الحسن شاہ گلشن اقبال بلاک 7 بنگلہ نمبر B/1کے رہائشی تھے۔

مقتول کے 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں ہیں ، مقتول ن لیگ لائرز فورم سندھ کے نائب صدر، 1999 میں پرویز مشرف طیارہ کیس میں ن لیگ سندھ کے سابق صدر غوث علی شاہ کے وکیل تھے، مقتول کے پاس زیادہ تر انسداد دہشت گردی کے مقدمات تھے جو عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، مقتول کے چند مشہور مقدمات میں2008 میں چپل میں منشیات سعودی عرب اسمگل کا مقدمہ، عصمہ نواب کا مقدمہ جس میں عصمہ نواب نے اپنے والدین کو قتل کر دیا تھا جسے عدالت نے سزائے موت سنائی ہے اور وہ پھانسی گھاٹ میں سزا کی منتظر ہے، این آئی سی ایل کیس، ڈیڈاپ کا مقدمہ، اندرون سندھ کا کائنات سومرو گینگ ریپ کیس جو ڈسٹرکٹ ساؤتھ کی عدالت میں زیر سماعت ہے، پولیس کے مطابق واقعے کے وقت مقتول اپنی کار میں ڈرائیور کے ہمراہ گھر سے نکلے تھے، موچی موڑ پر سڑک خستہ ہونے کے باعث گاڑی کی رفتار کم ہوئی تو 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے کار کی عقب میں بیٹھے وقار الحسن پر اندھا دھند فائرنگ کر دی مقتول کو4 گولیاں لگیں، مقتول کی لاش پولیس کارروائی کے بعد انچولی امام بارگاہ لے جائی گئی، نماز جنازہ مغربین میں ادا کی گئی۔ پیرآباد کے علاقے قصبہ کالونی، بلوچ کالونی بلوچ ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان نے موٹر سائیکل سوار 22سالہ عصمت اﷲکو فائرنگ کر کے زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔

زخمی کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی، مقتول اورنگی ٹاؤن ایم پی آر کالونی کا رہائشی تھا، ایس ایچ او فصیح الزمان نے بتایاکہ عینی شاہدین کا بیان کے مطابق پیدل ملزما ن نے عصمت اﷲ کو روکا تو اس نے موبائل اور پرس نکال کر ملزمان کو دیا لیکن ملزمان نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے، واقعہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔ گلستان جوہر کے علاقے بلاک 17 میں واقع بیوٹی پارلر کے باہر تعینات سیکیورٹی گارڈ 30 سالہ طاہر پراسرار فائرنگ سے شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں قریبی ہی واقع نجی اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق سیکیورٹی گارڈ حسب معمول باہر بیٹھا ڈیوٹی دے رہا تھا کہ اس سے اتفاقیہ طور پر اپنی رپیٹر گن چل گئی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔ نیپئر کے علاقے پرانا حاجی کیمپ الحفیظ بلڈنگ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 40 سالہ جمیل جونیجو ہلاک ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول لیاری گینگ وار عذیر گروپ کا کارندہ اور اسی علاقے کا رہائشی تھا جبکہ وہ ایک ٹانگ سے معذور اور علاقے میں منشیات فروخت کرتا تھا، پولیس واقعے کو گینگ وار کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے۔ کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے ملیر ندی شاہ فیصل پل کے قریب سے40 سالہ شخص کی لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا۔

ڈیوٹی افسر یامین نے بتایا کہ مقتول کی لا ش ناقابل شناخت ہے اور10سے15روز پرانی ہے، مقتول نے سفید رنگ کی شلوار قمیض پہن رکھی ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد وجہ موت معلو م ہوسکے گی۔نامعلوم افراد کی فائرنگ سیکلاکوٹ کے علاقے لیاری آٹھ چوک عیدو لائن میں25 سالہ نبی بخش بلوچ ، شاہراہ فیصل کے علاقے گلستان جوہر پہلوان گوٹھ نزد بھٹائی آباد کے قریب 22سالہ زینت بی بی،گلستان جوہر کے علاقے پرفیوم چوک کے قریب 25 سالہ بلال، ڈیفنس موڑ مین کورنگی روڈ پر 35 سہراب خان، آرام باغ کے علاقے برنس روڈ پر 40 سالہ عبدالغفار زخمی ہوگیا۔ رضویہ سوسائٹی کے علاقے گلبہار علی بستی میں پان کے دکان پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 40 سالہ غلام حسین جاں بحق جبکہ عمران اور علی شدید زخمی ہوگئے، مقتول غلام حسین کی میت رات گئے رضویہ امام بارگاہ منتقل کر دی گئی، ٹارگٹ کلنگ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی، مشتعل افراد نے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کرتے ہوئے گشت میں اضافہ کر دیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں