10 ماہ گزر گئے وفاقی حکومت سستا ہاؤسنگ منصوبہ شروع نہ کرسکی

۔مجوزہ منصوبے میں پرائیوٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت500گھر فی کالونی پر مشتمل ایک ہزارکالونیاں بنائی جانی ہیں۔

۔مجوزہ منصوبے میں پرائیوٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت500گھر فی کالونی پر مشتمل ایک ہزارکالونیاں بنائی جانی ہیں . فوٹو : فائل

مسلم لیگ (ن)کی حکومت 10 ماہ گزرنے کے باوجود کم آمدنی والے افرادکیلیے 5 لاکھ مکانات اور پلاٹ آسان قیمت پر فراہم کرنے کے وزیراعظم میاں نواز شریف کے سستے ہائوسنگ منصوبے میں تاحال عملی طور پر اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے۔

وزیراعظم نے حکومت بننے کے فوراً بعد وزارت ہائوسنگ وتعمیرات کو ٹاسک دیا تھا کہ ابتدائی طور پر اسلام آباد سمیت چاروںصوبوں میں 500,500گھروںکے پائلٹ پروجیکٹ شروع کیے جائیں جبکہ ملک بھر میں جن جن اضلاع میں زمین مہیا ہوتی ہے وہاں پرکم آمدنی والے افراد کو گھر اور پلاٹ فراہم کیے جائیں۔معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت ہائوسنگ اسکیم کے پروجیکٹ پر تاحال وزارت ہائوسنگ وتعمیرات اسلام آبادسمیت کسی بھی صوبائی دارالحکومت میں منصوبہ شروع کرنے میں ناکام رہی ہے۔


یاد رہے کہ بجٹ پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے ہائوسنگ اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں بدقسمتی سے ہائوسنگ گیپ تیزی سے بڑھ رہا ہے، نجی شعبے کے بلڈرز اورڈویلپرز نے امیر و مڈل کلاس کیلیے اچھی سہولتیں مہیاکرنا شروع کردی ہیں لیکن لوئرمڈل اور غریبوںکیلیے اپناگھر تعمیرکرنا اب بھی خواب ہے، انھوں نے کہا تھاکہ ہم نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں پورے ملک میں غریبوں کو گھر مہیا کرنیکا پروگرام شروع کیا تھا،اب دوبارہ ہائوسنگ اسکیم شروع کی جائیگی۔اس منصوبے کے تحت جہاں ممکن ہوسرکاری زمین پر3 مرلہ ہائوسنگ اسکیم کا آغازکیا جائے گا جہاں بے گھر لوگوںکو مفت پلاٹ بھی دیے جائیں گے ۔مجوزہ منصوبے میں پرائیوٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت500گھر فی کالونی پر مشتمل ایک ہزارکالونیاں بنائی جانی ہیں۔

وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ وزیرمملکت ہاؤسنگ وتعمیرات بیرسٹر عثمان ابراہیم کی زیرصدارت اسٹیئرنگ کمیٹی کااجلاس ہوا۔ورکنگ گروپ کی رپورٹ کے مطابق تاحال ملک میںکم آمدنی ہاؤسنگ اسکیم کیلیے سیکٹر آئی16اسلام آباد، چارسدہ،جہلم،لاہور، گلگت اور گوادر میںزمین میسرہے تاہم یہاںکام شروع نہیں کیا گیا۔ ذرائع نے بتایاکہ وزارت ہائوسنگ وتعمیرات اوراس کے ذیلی اداروں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائزہائوسنگ فائونڈیشن، پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی فائونڈیشن، نیشنل کنسٹرکشن ابھی تک اسکیم شروع نہیں کر سکی۔ ذرائع نے یہ بھی بتایاکہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن نے بہارہ کہو میں سرکاری ملازمین کے لیے 2550کنال زمین خریدی ہے جس میںاب تک فائونڈیشن اس زمین کی مالک کمپنی گرین ٹری کوصرف 1500کنال زمین کی رقم کی ادائیگی کرسکی ہے جبکہ باقی ماندہ ایک ہزارکنال کی ادائیگی ابھی باقی ہے۔
Load Next Story