پرتھوی نے مجھے مارا پھر معافی مانگ کر کہا پولیس میں شکایت مت کرنا سپنا گل
بھارتی میڈیا رپورٹ کے کرکٹر پرتھوی شاہ پر حملے اور لڑائی جھگڑے کے مقدمے میں گرفتار اداکارہ سپنا گل نےعدالت میں پیش ہوکر بیان ریکارڈ کروا دیا۔
بھوجپوری اداکارہ نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ پرتھوی شاہ نے انہیں مارا جبکہ معافی مانگتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ پولیس میں شکایت مت کرنا اور پھر معافی مانگ کر وہاں سے چلے گئے۔
سپنا گل کا عدالت میں کہنا تھا کہ 'مجھے پرتھوی شاہ نے بازو اور سینے پر مارا تھا ہم پولیس کی مدد کیلئے وہاں موجود رہے پرتھوی اپنے سات آٹھ دوستوں کے ساتھ تھے جبکہ ہم صرف دو تھے'۔
اداکارہ نے پرتھری شاہ پر شراب نوشی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 'وہ شراب کے نشے میں دھت تھے، پولیس سٹیشن کے سامنے کھڑے ہونے کے باوجود بھی وہاں ایف آئی آرنہیں کٹوائی کیونکہ وہ نشے میں تھے، اس وجہ سے اُنہیں یہ خیال نشہ اُترنے کے بعد آیا'۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی کرکٹر پرتھوی شاہ پر حملہ کرنے کے الزام میں اداکارہ گرفتار
سپنا گل نے معاملے کو ختم کرنے کے لئے 50 ہزار روپے مانگنے کے الزام کو بھی مسترد کر دیا ساتھ ہی اداکارہ نے بتایا کہ وہ پرتھوی شاہ سے پہلے ہی ہوٹل کے وی آئی پی لاؤنج میں دوست کے ہمراہ پارٹی کر رہی تھیں جس کے بعد یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔ عدالت نے سپنا گِل کو 20 فروری تک پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ بدھ کے روز بھارتی کرکٹر پرتھوی شاہ پر مشتعل افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا جس میں بھوجپوری اداکارہ سپنا گل ملوث پائی گئی تھیں زیرِ حراست اداکارہ پر دوستوں کے ہمراہ پرتھوی شاہ پر حملہ کرنے اور ان کی گاڑی کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی تھیں۔