’ن لیگ اپنی روایت کے مطابق عدلیہ پر حملہ آور ہے‘
چوہدری پرویز الہیٰ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات میں جیل بھرو تحریک کی مکمل حمایت کی ہے
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ نے مشترکہ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال، جیل بھرو تحریک اور عام انتخابات پر تبادلہ کرتے ہوئے ن لیگ کی جانب سے عدلیہ مخالف مہم کی مذمت کی ہے۔
عمران خان سے چوہدری پرویز الہیٰ کی ملاقات میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے جیل بھرو تحریک کی مکمل حمایت کی۔ دونوں رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) کے حوالے سے اس امر کا اظہار کیا کہ ن لیگ اپنی روایت کے مطابق عدلیہ پر حملہ آور ہے۔
حکمران آئین کو مان رہے ہیں نہ عدالتی فیصلے تسلیم کررہے ہیں، عمران خان
علاوہ ازیں چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ حکمران آئین کو مان رہے ہیں نہ عدالتی فیصلے تسلیم کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں، نااہل حکمران ٹولہ الیکشن سے خوفزدہ ہوکر انتقامی کارروائیوں پر اتر آیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیل بھرو تحریک کے تحت ملک بھر سے پارٹی رہنما، کارکن اور عوام رضاکارانہ گرفتاریاں دیں گے، قوم خوف کے بت توڑ کر میدان میں آ رہی ہے، نااہل ٹولے نے پہلے ملکی معیشت کو تباہ کیا اب آئین کی پامالی کی جا رہی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ حکمران مزید جتنے دن اقتدار میں رہیں گے ملک کو اتنا ہی زیادہ نقصان ہو گا، ملک کو درپیش معاشی بحران سے نکالنے کیلئے الیکشن ناگزیر ہیں۔
گورنرز یاد رکھیں آئین شکنی پر آئین ہی ان کے خلاف راستہ لے گا، چوہدری پرویز الہیٰ
چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر بھی عمل نہیں کیا جا رہا، حکمران اتحاد عمران خان سے خوفزدہ ہے، عمران خان کی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ پی ڈی ایم ٹولہ الیکشن سے بھاگ کر آئین شکنی کا مرتکب ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستانی عوام کیلئے امید کی روشنی ہیں، الیکشن کمیشن اور گورنرز یاد رکھیں آئین شکنی پر آئین ہی ان کے خلاف راستہ لے گا، آج کے سیاسی فرعونوں کے خلاف قوم نے خوف کے بت توڑ دیئے ہیں۔