ساری توجہ انٹیلی جنس آپریشنزاور دہشت گردی کے خاتمے پر ہے آرمی چیف
آرمی چیف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ کراچی پولیس آفس کا دورہ کیا
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہبی یا نظریاتی تعلق نہیں ہے، سیکورٹی فورسز کی توجہ صرف دہشت گردی کے خاتمے اور انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز پر ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورہِ کراچی کے موقع پر سی او اے ایس اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کور ہیڈ کوارٹرز میں کراچی پولیس آفس (کے پی او) واقعے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں آرمی چیف نے کراچی پولیس آفس کا دورہ کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ کوئی بھی قوم صرف کارروائیوں سے اس طرح کے چیلنجوں پر قابو نہیں پا سکتی، باہمی اعتماد، عوام کی مرضی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی پولیس آفس پر حملے کی تحقیقات کیلیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستانیوں نے ہمیشہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو اس کے تمام مظاہر میں مسترد اور شکست دی ہے، ہم ایک ساتھ مل کر مشترکہ خوشحال مستقبل کے لیے اس خطرے پر غالب آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی پولیس آفس پر حملہ، سیکیورٹی کا پول کھل گیا
وزیراعلیٰ اور آرمی چیف نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کا بھی دورہ کیا اور پولیس اور پاکستان رینجرز سندھ کے زخمی جوانوں سے ملاقات کی اور ڈیوٹی کے دوران فوج، پولیس اور پاکستان رینجرز (سندھ) کی بہادری، حوصلے اور قربانیوں کو سراہا۔ قبل ازیں آمد پر کور کمانڈر کراچی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔