کراچی ڈکیتی مزاحمت پر شہری جاں بحق جوابی فائرنگ میں ڈاکو بھی ہلاک

واقعہ بفرزون میں پیش آیا، مقتول سمیر ریئل اسٹیٹ کا کام کرتا تھا، پولیس

مقتول سمیر کی یادگار تصویر

بفروزن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کار سوار شہری جاں بحق ہوگیا جبکہ شہری کی جوابی فائرنگ سے ڈاکو بھی ہلاک ہوگیا۔

ایس ایچ او تیموریہ خالد حسین سومرو نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 30 سالہ سمیر کے نام سے ہوئی جو رئیل اسٹیٹ کا کام کرتا تھا جبکہ واقعہ بفرزون سیکٹر پندرہ اے ون میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق سمیر اپنے اہلخانہ کے ہمراہ کار میں سوار ہو رہا تھا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر 3 ڈاکوؤں نے انہیں اسلحے کے زور پر یرغمال بنالیا اور لوٹ مار کر رہے تھے کہ مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔


ایس ایچ او تیموریہ کا کہنا ہے کہ مقتول سمیر نے بھی اپنے پاس موجود اسلحے سے ڈاکوؤں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے اس کے ساتھی موقع سے لیکر فرار ہوگئے۔

خالد حسین سومرو نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے نارتھ ناظم آباد روٹ ٹو کے بس اسٹاپ کے قریب اپنے زخمی ساتھی کو رکشے میں بٹھاکر عباسی شہید اسپتال بھیج دیا جو راستے میں ہی ہلاک ہوگیا جبکہ وہ خود موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول سمیر کے ہمراہ موجود خاتون نے ہلاک ہونے والے ڈاکو کو پہچان لیا ہے جبکہ ملزم کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی تاہم اس حوالے سے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے رواں سال کے دوران اب تک ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 خواتین اور اینٹی انکروچمنٹ سیل کے پولیس اہلکار سمیت 20 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔
Load Next Story