پولیس آفس حملے کا اہلکار دوران علاج جاں بحق شہدا کی تعداد پانچ ہوگئی

شہید اہل کار عبدالطیف کا آبائی تعلق شکار پورسے ہے

حملے کے بعد آپریشن کی ایک تصویر (فوٹو : نیوز ایجنسی)

کراچی پولیس آفس پر حملے میں زخمی ایک اور پولیس اہل کار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جس کے بعد شہدا کی تعداد 5 ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی پولیس آفس پر حملے میں زخمی اہلکار عبدالطیف زخموں کے سبب علاج کے لیے اسپتال میں داخل تھا۔ شہید ہونے والا پولیس اہل کار سیکیورٹی زون ون میں تعینات تھا جبکہ شہید پولیس اہلکار کا آبائی تعلق شکار پورسے ہے۔

اہلکار عبدالطیف کی شہادت کے بعد کراچی پولیس آفس حملے کے شہداد کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔ پولیس کانسٹیبل شہید عبداللطیف نے اپنے سوگواران میں والدہ، بیوہ، 6 بیٹیاں اور ایک بیٹے کو چھوڑا ہے۔


شہید اہلکار کی نماز جنازہ گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر میں سرکاری اعزاز اور سلامی کے ساتھ ادا کی گئی جس میں وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی پولیس، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور معزز افراد نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے شہید کے جنازے کو کندھا بھی دیا، جسد خاکی پر پھول چڑھائے، ورثا سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم نے عبداللطیف کی زندگی بچانے کے لیے بہترین انتظام کیے لیکن اللہ پاک کو یہ منظور تھا۔

شہید پولیس اہلکار کا سروس کیرئیر

نماز جنازہ سے پہلے شہید کانسٹیبل کے سروس کیریئر کے حوالے سے آگاہ کیا گیا جس کے مطابق پولیس کانسٹیبل عبد اللطیف 4 اپریل 1972ء کو پیدا ہوئے، 17 فروری 2014ء میں ایکس آرمی کوٹا پر سندھ پولیس کا حصہ بنے، وہ سیکیورٹی ون میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے کہ کراچی پولیس آفس میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے زخمی ہوئے بعدازاں اسپتال میں جام شہادت نوش کیا۔
Load Next Story