ویمنز ٹی20 ورلڈکپ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 3 رنز سے شکست دیدی
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 3 رنز سے شکست دیدی۔
جنوبی افریقا کے شہر پارل میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے ندا ڈار نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فاطمہ ثنا، سعدیہ اقبال، طوبیٰ حسن اور نشرہ سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز کی رشادا ولیمز 30 اور ہیلی میتھیوز 20 اورشیمین کیمبل نے 22 رنزبنائے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن شروع ہی میں لڑکھڑا گئی، اوپپنگ جوڑی منیبہ علی اور سدرہ امین بالترتیب 5 اور 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں، جس کے بعد کپتان بسمہ نے 26 اور ندا ڈار نے 27 رنز بنا کر جیت کی امید برقرار رکھی۔
آخر میں عالیہ ریاض نے جارحانہ انداز اپنایا لیکن ٹیم کو فتح نہ دلا سکیں اور وہ 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں۔ پاکستان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنا سکی اور اسے تین رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس شکست کے بعد ورلڈ کپ میں پاکستان کے تین میچز میں دو پوائنٹس ہیں۔ پاکستان اپنا اگلا میچ منگل کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔