سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز کا معافی کیلیے نجم سیٹھی کو خط

وہ عدالت میں معافی نامہ لکھ کر دینے کو آمادہ ہیں


Muhammad Yousuf Anjum February 20, 2023
فوٹو: فائل

سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی سے غیر مشروط معافی مانگنے پر تیار ہوگئے ہیں۔

لندن میں مقیم 74 سالہ سابق فاسٹ بولر جو ان دنوں صاحب فراش ہیں نے نجم سیٹھی کے نام خط میں واضح کیا ہے کہ وہ عدالت میں معافی نامہ لکھ کر دینے کو آمادہ ہیں۔

اس سلسلے میں ان کے وکیل نعیم بخاری کرکٹ بورڈ آکر پی سی بی وکیل کے ساتھ مل کر معاملہ ختم کرنے کے لیے کسی بھی وقت آسکتے ہیں۔ سرفراز نواز نے ایک بار پھر اپنی پینشن جاری کرنے کی بھی درخواست کی تھی۔ 55 ٹیسٹ اور 45 ایک روزہ میچز میں ملک کی نمائندگی کرنے والے سرفراز نواز کی دائیں ٹانگ کا چند روز پہلے آپریشن ہوا جبکہ دوسری ٹانگ کا آپریشن ایک ماہ بعد ہوگا۔

پی سی بی نے عرصہ دراز سے سرفراز نواز کی پلیئرز ویلیفئیر پالیسی کی پینشن روک رکھی ہے۔ ماضی میں سرفراز نواز نے نجم سیٹھی پر غداری اور میچ فکسرز کی سرپرستی جیسے سنگین الزامات لگائے تھے۔ حال ہی میں نجم سیٹھی نے پینشن کی بحالی کو سرفراز نواز کی عدالت میں معافی سے مشروط کیا تھا۔

چند ماہ قبل، سابق سربراہ کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے پینشن میں تینوں کیٹیگریز کے لیے ایک ایک لاکھ روپے کا اضافہ کیا تھا۔ دس ٹیسٹ سے کم کھیلنے والوں کو ایک لاکھ بیالیس ہزار، گیارہ سے بیس ہزار ٹیسٹ والوں کو ایک لاکھ اڑتالیس ہزار جبکہ اس سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کرکٹرز کو ایک لاکھ چون ہزار روپے ماہانہ ادا کیے جاتے ہیں۔ سرفراز نواز نے بھی بار ہا اپنی پینشن بحالی کی اپیل کر رکھی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |