خاتون نے دوست کے گھر سے پونے 4 کروڑروپے کی اشیا چرا کر ہو بہو نقلی اشیا رکھ دیں

ملزمہ کو جرم ثابت ہونے پر 12 سال قید کی سزا سنادی گئی

چینی خاتون کو سہیلی کی قیمتی اشیا چرانے پر 12 سال قید کی سزا؛ فوٹو: فائل

اپنی دوست کے گھر سے پونے 4 کروڑ روپے مالیت کی قیمتی اشیا چرا کر ان کی جگہ ہو بہو نقلی اشیا رکھنے والی چینی خاتون کو 12 سال قید کی سزا سنادی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دھوکہ دہی اور فراڈ کا یہ معاملہ تین سال قبل شروع ہوا تھا جب کاؤ نامی خاتون نے اپنے گھر کی تزئین و آرائش کے لیے چابی اپنی دوست لیو کو دی تھی اور وہ خود کام کے سلسلے میں شہر سے باہر گئی ہوئی تھی۔

لیو نے دوست کی غیر موجودگی میں اس کے گھر سے ایک ملین یو آن یعنی تقریباً پونے 4 کروڑ روپے مالیت کے برانڈڈ بیگز، جوتے، کپڑے، جیولرز اور دیگر قیمتی اشیا چرا کر ان کی جگہ ہو بہو نقلی اشیا رکھ دیں۔

کاؤ جب واپس لوٹی تو چند ہی دنوں میں اسے اندازہ ہوگیا کہ بعض اشیا جعلی یا نقلی ہیں لیکن اس نے سمجھا کہ شاید ایسا دکاندار نے کیا ہے لیکن جیسے جیسے دیگر اشیا کا بھی معلوم ہوتا گیا تو وہ تشویش میں مبتلا ہوگئی۔


کاؤ نے جن دکانوں سے یہ سامان لیا تھا وہاں شکایت کی تو جواب نے اسے حیران کردیا۔ دکانداروں نے بتایا کہ یہ سامان ان کے دیے گئے سامان کی نقل ہیں۔ یہ سامان آپ کے گھر میں ہی تبدیل کیا گیا ہے۔

تاہم کاؤ کو اپنی دوست لیو پر مکمل بھروسہ تھا اور وہ سمجھتی رہی کہ یہ کارستانی شاید گھر میں کام کے لیے آنے والے مزدوروں کی ہے لیکن جلد ہی پولیس نے اس معمہ کو حل کرلیا۔

تفتیش کے دوران لیو نے اعتارف جرم کرلیا اور اپنی دوست سے معاف کردینے کی درخواست کی لیکن کاؤ نے انکار کردیا۔ عدالت نے لیو کو 12 سال قید کی سزا سنادی۔

 
Load Next Story