بابراعظم نے رکی پونٹنگ کی ستائش کو اعزاز قرار دے دیا

کوئی لیجنڈ تعریف کرے تو مزید بہتر ہونے کا جذبہ پروان چڑھتا ہے، کپتان


Sports Reporter February 21, 2023
کوئی لیجنڈ تعریف کرے تو مزید بہتر ہونے کا جذبہ پروان چڑھتا ہے، کپتان۔ فوٹو: آئی سی سی

بابر اعظم نے رکی پونٹنگ کی ستائش کو اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی لیجنڈ کرکٹر تعریف کرے تو مزید بہتر ہونے کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔

گزشتہ روز آئی سی سی ڈیجیٹل کو ایک انٹرویو میں بابر اعظم نے سابق آسٹریلوی کپتان کی ستائش کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا،انھوں نے کہا کہ پونٹنگ نے میرے بارے میں جو کہا اس سے میرے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا،کوئی لیجنڈ کرکٹر تعریف کرے تو مزید بہتر ہونے کا جذبہ پروان چڑھتا ہے، ماضی کے اسٹار کرکٹرز اپنے کیریئر میں ان مراحل سے گزرے ہوتے ہیں، انھیں علم ہے کہ میرامائنڈ سیٹ کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ میں رکی پونٹنگ کی تعریف کو مثبت انداز میں لیتے ہوئے اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔

ایک انٹرویو میں رکی پونٹنگ نے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں پاکستانی اسٹار کو ایکشن میں دیکھ کر لطف اندوز ہوتا ہوں،وہ بطوربیٹر اور کپتان مجھ سے کئی گنا آگے ہیں،بابر اپنے کیریئرمیں مزید کئی ریکارڈز توڑ سکتے ہیں، انھیں تھوڑی سی بہتری مزید لانے کی ضرورت ہے، آنے والے وقت میں وہ پاکستان کے کامیاب ترین کپتان بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: بابراعظم کی جگہ کون پاکستانی ٹیم کی کپتانی کرسکتا ہے، حسن علی نے بتادیا

سابق آسٹریلوی اسٹار نے کہا تھا کہ بابر اعظم کبھی کبھار قیادت کرتے ہوئے پریشانی کا شکار ہوجاتے ہیں، سیکھنے کے مواقع ملنے سے بہتر ہوتے جائیں گے۔

اس حوالے سے پاکستانی بیٹر نے کہا کہ ایک کپتان کو تمام فیصلے پوری دیانتداری سے کرنا چاہیئں،اسے وہی ٹیم کھلانا چاہیے جو ملک کیلیے بہتر ہو،میدان میں ساتھی کھلاڑیوں کو اعتماد دینا ضروری ہے، ہم اسی انداز میں ان کو بہترین صلاحیتوں کا اظہار کرنے کیلیے تیار کرسکتے ہیں،میں پلیئر کے ذہن کو سمجھتے ہوئے انھیں پْرسکون رکھنا سب سے اہم سمجھتا ہوں۔

مزید پڑھیں: بابراعظم کے حوالے سے بیان اور خراب رویے پر آفریدی نے عامر کی سرزنش کردی

بابر اعظم نے کہا کہ میں میدان سے باہر بھی امام الحق،شاداب خان اور محمد رضوان سے مشاورت کرتا ہوں، ہماری ٹیم کی اچھی بات یہ ہے کہ سب متحد رہتے اور ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں،کوئی ایک مایوسی کا شکار ہو تو دوسرا حوصلہ افزائی کیلیے موجود ہوتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں