نمبر پلیٹ کے بغیر اور غیر رجسٹر گاڑیاں ضبط کرنے کا فیصلہ

اگر کوئی کرایہ پر گھر، دکان اور گاڑی دے رہا ہے تو وہ قریبی تھانے میں اس کی معلومات فراہم کرے، شرجیل میمن


Staff Reporter February 21, 2023
پولیس اور سیکیورٹی اداروں سے مشابہت رکھنے والی نجی گاڑیاں بھی بند کردی جائیں گی، وزیر اطلاعات ۔ فوٹو : فائل

کراچی پولیس آفس حملے کے بعد سندھ حکومت نے شہریوں کواصل نمبر پلیٹ لگانے اور گاڑیاں رجسٹرڈ کرانے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دیدی ،خلاف ورزی کرنے والوں کی گاڑیاں ضبط کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن ،مرتضیٰ وہاب ،آئی جی سندھ ،چیف سیکریٹری سندھ سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اگر کوئی کرایہ پر گھر ، دکان اور گاڑی دے رہا ہے تو وہ قریبی تھانے میں اس کی معلومات فراہم کرے یہ سب پر لازم ہے،صوبائی وزیر نے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی اداروں سے مشابہت رکھنے والی نجی گاڑیاں بھی بند کردی جائیں گی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تمام قوانین موجود ہیں ان پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا، مشیر برائے قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آئین و قانون ریاست اور عوام کے درمیان سوشل کنٹریکٹ ہے ، حکومت کی طرح عوام پر بھی ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ ان پر عمل درآمد کرائیں، یہ تمام قوانین موجود ہیں ان پر عمل درآمد نہیں ہوتا،اس طرح کی ایمرجنسی صورتحال میں ریپڈ رسپانس دینا ہوتا ہے، اس واقعے میں پہلا زخمی ایک فلاحی ادارے کا رضا کار تھا جس کو اسپتال پہنچایا گیا۔

انھوں نے کہا کہ جب تک ضلعی انتظامیہ آپ کو اجازت نہیں دیتی کسی کو ایسی صورتحال میں آگے نہیں آنا چاہیے تاکہ سیکیورٹی ادارے بہتر طریقے سے کام کر سکیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران ٹی وی چینلز پر بتایا جا رہا تھا کہ اسنائپر فلاں عمارت پر پہنچ گئے ہیں یہ ان چیزوں کا غلط استعمال ہوسکتا ہے اور دور بیٹھے دہشت گردوں کے ساتھی ان دہشت گردوں کو موبائل فون کے ذریعے یہ اطلاعات دے سکتے ہیں،انھوں نے کہا کہ میڈیا کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت اظہار آزادی میں یقین رکھتی ہے۔

صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاؤلہ نے گاڑیوں کے نمبر پلیٹ کے اجرا میں تاخیر کے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ مسئلہ ماضی میں تھا لیکن جب سے نئی ڈیزائن کی نمبر پلیٹ کے اجراکا آغاز کیا، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بروقت نمبر پلیٹ کا اجرایقینی بنا رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں