عمران خان کا اپنے قتل کی سازش کا بیان وزارت داخلہ کو نوٹس جاری
عدالت کا وزیرستان کے شناختی کارڈ رکھنے والوں کو بے جا تنگ نہ کرنے کا بھی حکم
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا اپنے قتل کی سازش سے متعلق بیان کے خلاف درخواست پر پشاور ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کر دیا۔
عدالت نے وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔
دوران سماعت، وکیل درخواست گزار سجاد احمد محسود نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے قتل کروانے کے لیے جنوبی وزیرستان کے لوگوں کو ہائر کیا گیا ہے، عمران خان عادتاً ایسے بیانات دیتے ہیں جس سے ملک میں افراتفری پھیلی ہوئی ہے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے لوگ پہلے سے بہت مشکلات میں ہیں، ایسے بیانات سے ملک بھر میں وزیرستان کے لوگوں کو نقل و حرکت اور کاروبار میں مسائل کا سامنا ہے۔
عدالت نے وزیرستان کے شناختی کارڈ رکھنے والوں کو بے جا تنگ نہ کرنے کا حکم دیا اور ریمارکس دیےکہ اس بنا پر وزیرستان کے لوگوں کو ہراساں نہ کیا جائے۔