جیل بھرو تحریک شاہ محمود آج لاہور میں 200 کارکنوں کے ساتھ گرفتاری دیں گے

تحریک لاہور سے شروع ہوگی، پہلے مرحلے میں سینیٹر ولید اقبال، مراد راس، عمر سرفراز 200 کارکناں کے ساتھ گرفتاری دیں گے


ویب ڈیسک February 22, 2023
—فائل فوٹو

عمران خان کے اعلان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک آج لاہور سے شروع ہوگی، جس کے پہلے مرحلے میں چار سینئر رہنما اور دو سو کارکن رضاکارانہ گرفتاریاں دیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک آج لاہور سے شروع ہوگی، جہاں شاہ محمود قریشی دیگر رہنماؤں اور دو سو کارکنوں کے ساتھ گرفتاری دیں گے۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں عمر سرفراز چیمہ، سینیٹر ولید اقبال، مراد راس کارکنوں کے ساتھ گرفتاریاں دیں گے۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف نے پشاور میں جیل بھرو تحریک کی منصوبہ بندی کرلی

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر لاہور پولیس نے گرفتار نہ کیا تو پھر ملتان سے گرفتاری دوں گا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی خیبرپختونخوا نے بھی جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتاریاں دینے کا شیڈول تیار کرلیا۔ جس کے تحت پہلے مرحلے میں چار سابق ارکان صوبائی اسمبلی، ایک ایم این اے اور 100 کارکنان گرفتاریاں دیں گے۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی جیل بھرو تحریک کے پہلے روز ہی گرفتاری دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کا شیڈول جاری

لاہور میں حماد اظہر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا تھا کہ جیل بھرو تحریک کا آغاز بائیس فروری سے ہوجائے گا، جس کے بعد سیکڑوں کارکن گرفتاریاں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی بھی رضاکارانہ طور پر گرفتاری پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت بھی جیل بھرو تحریک کے لیے مکمل تیار ہے۔

اسے بھی پڑھیں: جیل بھرو تحریک میں صرف انتشار پھیلانے والوں کو گرفتار کریں گے، وزیر داخلہ

حماد اظہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے ہم تیار ہیں، ہمارے امیدواروں نے قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ اپنا نگراں سیٹ اپ ہونے کے باوجود مسلم لیگ ن کے کسی بھی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ عوام کیا حال کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں