تحریک انصاف نے پشاور میں جیل بھرو تحریک کی منصوبہ بندی کرلی
پہلے مرحلے میں 5 سابق ارکان اسمبلی اور 100 کارکنان گرفتاریاں دیں گے، ذرائع
تحریک انصاف نے پشاور میں جیل بھرو تحریک کی منصوبہ بندی مکمل کرلی۔
پہلے مرحلے میں چار سابق ارکان صوبائی اسمبلی، ایک ایم این اے اور 100 کارکنان گرفتاریاں دیں گے۔
پی ٹی آئی کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکن ہشت نگری پر دونوں جانب سے جی ٹی روڈ کو بند کردیں گے جبکہ بی آر ٹی سروس بند نہیں کی جائے گی۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق ورکرز کنونشن کے بعد جی ٹی روڈ پر دھرنا دیا جائے گا جہاں ارکان اسمبلی کے ساتھ 100 کارکنان گرفتاری پیش کریں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما اشتیاق ارمڑ کا کہنا ہے کہ ہمارا احتجاج پرامن رہے گا اور ہم پولیس کو گرفتاریاں پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے بدھ 22 فروری سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، ملک کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے مرحلہ وار گرفتاریاں پیش کی جائیں گی۔