سستی اشیا کی فراہمی بلدیہ عظمیٰ کراچی کا 155 بچت بازار لگانے کا اعلان

ضلع کورنگی میں 42بازار، ملیر میں 30، وسطی میں 28، کیماڑی میں25، غربی میں 23، شرقی میں 5 اور جنوبی میں 2بازار لگیں گے

کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس اور ویمنز اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی سہولتیں بڑھائی جائیں، ڈاکٹر سیف الرحمن۔ فوٹو : فائل

سستی اشیا کی فراہمی کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے 155 بچت بازار لگانے کا اعلان کردیا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے اپنے دفتر میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ریونیو سے متعلق محکموں کی بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ رمضان سے قبل شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو ایکس مل قیمت پراشیائے خورونوش کی فراہمی کے لے بچت بازار لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان اور عید کے موقع پر صارفین پر مہنگائی کا بوجھ نہ پڑے، معیاری اشیائے خورونوش قریبی جگہوں پرارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں،بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز اور دیگر متعلقہ اداروں سے بھی اس سلسلے میں رابطہ کیا جائے گا۔ بچت بازاروں کو باسہولت اور بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

اس موقع پر محکمہ انٹرپرائز اینڈ انویسٹمنٹ پروموشن( ای اینڈ آئی پی) کے سینئر ڈائریکٹر محمد سلیم ، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سیف عباس حسنی بھی موجود تھے۔


ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن روزانہ کی بنیاد پر کے ایم سی کے ریونیو محکموں سے ریکوری کے متعلق بریفنگ لے رہے ہیں تاکہ ریکوری کی صورتحال کا جائزہ لے کر اسے بہتر بنایاجاسکے۔

منگل کے روز محکمہ ای اینڈ آئی پی کی جانب سے پیش کی گئی بریفنگ میں بتایا گیاکہ شہر کے مختلف اضلاع میں 155بچت بازار لگائے جائیںگے جن میں سے ضلع کورنگی میں 42 بازار، ضلع ملیرمیں 30 بازار ، ضلع وسطی میں28 بازار ، ضلع کیماڑی میں25 بازار ، ضلع غربی میں 23 بازار، ضلع شرقی میں 5 بازار اور ضلع جنوبی میں 2 بازار لگائے جاتے ہیں جہاں شہریوں کی بڑی تعداد اشیائے خورونوش اور دیگر ضروریات زندگی کی خریداری کے لیے آتی ہے۔

ان بازاروں کے لیے بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز ، متعلقہ ایس ایس پی اور علاقہ ڈپٹی کمشنر سے اجازت نامہ حاصل کیا جاتا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے محکمہ ای اینڈ آئی پی کو ہدایت کی کہ بچت بازارایسوسی ایشن کی باہمی رضامندی سے بچت بازار کے کرائے میں اضافے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور ہر ممکن کوشش کی جائے کہ بچت بازار جس مقصد کے تحت لگائے جاتے ہیں وہ مقاصد حاصل ہوں، شہریوں کو صاف ستھرے ماحول میں مناسب نرخوں پر اشیائے ضرورت کی خریداری میں سہولت ملے، شہریوں کی اکثریت ان بازاروں سے استفادہ کرتی ہے اور یہ بنازار ا ن کی رہائش گاہ سے نزدیک ہوتے ہیں اس لیے ان تک رسائی بھی آسان ہوتی ہے۔

محکمہ کلچر اینڈاسپورٹس کی بریفنگ کے دوران بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام کھیلوں کے مراکز اور ثقافتی پروگراموں کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا گیا،کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس اور ویمنز اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی سہولت میں اضافے اور وہاں منعقد ہونے والے ایونٹس کا جائزہ لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کو بحال کرکے وہاں کھیلوں کی سہولت بہتر بنائی جائے۔
Load Next Story