گردوں کی خرید و فروخت اور پیوندکاری میں ملوث گرفتار شخص متاثرہ کا بھائی نکلا

تھانہ روات پولیس نے گردوں کی پیوند کاری میں ملوث ڈاکڑ کا سراغ بھی لگا لیا

فائل فوٹو

گردوں کی خرید و فروخت اور پیوند کاری میں ملوث دو نرسوں سمیت متاثرہ شخص کا گردہ نکلوانے والے بھائی کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا۔

تھانہ روات پولیس نے گردوں کی پیوند کاری میں ملوث ڈاکڑ کا سراغ بھی لگا لیا گیا۔ ڈاکڑ کا تعلق سرگودھا سے بتایا جاتا ہے جوکہ لاہور میں رہائش پذیر ہے اور وہی پریکٹس بھی کرتا ہے۔ ڈاکڑ کی گرفتاری کے لیے بھی پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

گردہ فروش گروہ نے نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں دو مکان کرائے پر لے رکھے تھے جہاں جنڈ سے تعلق رکھنے والی دو نرسوں کو 25 ہزار روپے ماہانہ پر رکھا ہوا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے گروہ کا ثاقب علی نامی ملزم گردہ نکالنے و پیوندکاری کے بعد متاثرہ محنت کش کو ٹرانسپورٹ اڈے پر چھوڑنے جا رہا تھا تو پنجاب ہائی وے پیڑولنگ پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔


مزید پڑھیں؛ محنت کش کو بہانے سے راولپنڈی بلوا کر گردہ نکال لیا گیا، ملزم گرفتار

جڑانوالہ سے تعلق رکھنے والے شخص کے بوٹا نامی بھائی نے مدد کے نام پر اپنے ہی بھائی کو گردہ فروش گروہ کے پاس راولپنڈی بھجوایا تھا۔

گروہ کے خلاف تھانہ روات میں گردوں کی غیر قانونی خرید و فروخت اور پیوند کاری، اغوا، حبس بیجا میں رکھنے سمیت پولیس ٹیم کو رشوت دینے کی کوشش وغیرہ کے جرم میں مقدمہ درج ہے۔

ملوث ملزم ثاقب علی گردوں کے غیر قانونی کاروبار کے لیے ایف آئی اے کا بھی ریکارڈ یافتہ ہے۔
Load Next Story