صومالیہ میں عسکریت پسندوں کا فوجی افسران کے گھر پر حملہ 10 جاں بحق

پہلے کار بم دھماکا کیا گیا، پھر مسلح افراد نے عمارت میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کردی


ویب ڈیسک February 22, 2023
حملہ فوجی افسران کی رہائش گاہ پر کیا گیا، الشباب (فوٹو: فائل)

صومالیہ کے دارالحکومت میں مسلح افراد نے ایک گھر پر دھاوا بول کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایک عمارت کے باہر کار بم دھماکا کیا گیا جس کے بعد مسلح افراد گھر میں داخل ہوگئے اور فائرنگ کردی۔

سیکیورٹی اہلکار بھی فوراً پہنچ گئے اور جوابی کارروائی کی۔ کئی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

الشباب جو خود کو القاعدہ کی ایک شاخ کہتی ہے نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس عمارت میں صومالی فوج کے وہ افسران رہائش پذیر تھے جنھوں نے ہمارے خلاف حال ہی میں کیے گئے ایک آپریشن میں حصہ لیا تھا۔

فوج کے ترجمان نے بتایا کہ جوابی فائرنگ کے باعث حملہ آور فرار ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے آس پاس کی عمارتوں میں محصور شہریوں کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا ورنہ جانی نقصان زیادہ ہوتا۔

سرکاری سطح پر ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ عسکریت پسندوں نے حملے کے لیے اس گھر کا انتخاب کیوں کیا اور اس گھر کے مکین کون تھے جب کہ حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

مسلح حملے میں 10 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔

خیال رہے کہ صومالیہ میں فوج اور مقامی قبائلی ملیشیا نے امریکی فضائی حملوں اور اے ٹی ایم آئی ایس کے نام سے جانے والی افریقی یونین کی ایک فورس کی مدد سے الشباب کو ملک کے دیہی علاقوں تک محدود کردیا ہے۔

تاہم الشباب کے جنگجو ان علاقوں سے نکل کر گوریلا انداز میں دارالحکومت میں فوجیوں اور سرکاری عمارتوں پر حملے کرتے رہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں