مارک شیٹ نہ دینے پر طالب علم نے پیٹرول چھڑک کر اپنی پرنسپل کو آگ لگادی

طالب علم آشوتوش شریواستو شعبہ فارمیسی میں پڑھتا تھا


ویب ڈیسک February 22, 2023
طالب علم کے پیٹرول چھڑک آگ لگانے سے پرنسپل کا جسم 90 فیصد جھلس گیا، فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارت میں فارمیسی کے ایک سابق طالبعلم نے مارک شیٹ نہ دینے پر اپنی پرنسپل کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں اندور کالج کی پرنسپل گھر جانے کے لیے باہر ہی نکلی تھیں کہ ایک نوجوان نے ان پر پیٹرول پھینکا اور آگ لگا دی۔ پرنسپل کو آگ نے بری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا اور وہ اسی حالت میں دوبارہ کالج کی طرف بھاگیں۔

کالج کے دیگر اساتذہ اور اسٹاف نے کسی طرح آگ بجھائی اور 54 سالہ پرنسپل ویمکتا شرما کو اسپتال منتقل کیا۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جسم 90 فیصد تک جھلسنے کے باعث پرنسپل کی حالت تشویشناک ہے۔

کالج کے ہی سیکیورٹی گارڈ نے پرنسپل کو آگ لگانے والے نوجوان کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔ نوجوان کے ہاتھ اور سینہ پر بھی زخم آئے ہیں۔

طالب علم آشوتوش شریواستو اسی کالج کے شعبہ فارمیسی کا سابق طالب علم تھا۔

طالب علم کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس جولائی سے پرنسپل صاحبہ مارک شیٹ دینے میں ٹال مٹول سے کام لے رہی تھیں جس پر میں غصے میں آگیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں