ایک قوم کی حیثیت سے ہمیں کفایت شعاری کا مظاہرہ کرنا ہے وزیراعظم
وقت ہم سے پکار پکار کر کفایت شعاری، سادگی اور قربانی کا مطالبہ کر رہا ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایک قوم کی حیثیت سے ہمیں کفایت شعاری کا مظاہرہ کرنا ہے کیونکہ مشکل وقت میں قوم امتحان سے گزر رہی ہے۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کفایت شعاری کو اولین ترجیح دے رہی ہے کیونکہ وقت ہم سے پکار پکار کر کفایت شعاری، سادگی اور قربانی کا مطالبہ کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزیر، مشیر اور بیوروکریٹ سمیت سب کو کفایت شعاری مہم اپنانی ہوگی، ہماری حکومت نے اپنا فرض ادا کرنے کے لیے پوری کوشش کی ہے۔
مزید پڑھیں؛ کفایت شعاری مہم؛ وفاقی وزراء کا تنخواہوں کے علاوہ الاؤنسز اور مراعات چھوڑنے کا فیصلہ
شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی بہتری کے لیے ہمیں عملی مظاہرہ کرنا ہوگا اور مخیر حضرات ملکی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ہمیں آج بطور قوم وہ مظاہرہ کرنا ہے جس کا وقت ہم سے تقاضا کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مخلوط حکومت آسان بات نہیں ہے لیکن اتحادی حکومت ملک کو اپنی سمت میں دوبارہ لانے کی کوشش کر رہی ہے اور ماضی میں جھانکنے کے بجائے ہمیں آج آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے یقین دلایا کہ آئی ایم ایف پروگرام جلد مل جائے گا۔