سندھ ہائی کورٹ کا برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کی سڑکیں فوری کھولنے کا حکم

فوڈ اسٹریٹ کے لیے شہریوں کے بنیادی حقوق ختم نہیں کیے جاسکتے، سندھ ہائیکورٹ

فوٹو:فائل

سندھ ہائیکورٹ نے فوڈ اسٹریٹ کے لئے برنس روڈ کی سڑکیں بند کرنے کا نوٹی فکیشن منسوخ کرتے ہوئے سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تمام تجاوزات فوری ختم کرنے کا حکم دیدیا۔۔

عدالت نے مکینوں کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ فوڈ اسٹریٹ کے لیے شہریوں کے بنیادی حقوق ختم نہیں کیے جاسکتے۔ جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں جسٹس محمود اے خان پر مشتمل بینچ نے فوڈ اسٹریٹ کے لیے برنس روڈ کی سڑکیں بند کرنے کے خلاف علاقوہ مکینوں کی درخواست پر بڑا حکم جاری کردیا۔


عدالت نے برنس روڈ کے مکینوں کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے فوڈ اسٹریٹ کے لئے سڑکیں بند کرنے کا نوٹی فکیشن منسوخ کردیا۔ عدالت نے انتظامیہ کو 2 دن میں برنس روڈ کی سڑکیں کھولنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے حکم نامے میں کہا ہے کہ شام کے اوقات میں برنس روڈ اور اطراف کی سڑکیں بند نہ کی جائیں۔

فوڈ اسٹریٹ کے لیے شہریوں کے بنیادی حقوق ختم نہیں کیے جاسکتے۔ عدالت نے سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تمام تجاوزات فوری ختم کرنے کا حکم دیدیا۔ دائر درخواست میں علاقوہ مکینوں نے موقف اپنایا تھا کہ سڑکوں کی بندش سے ایمبولینس کو بھی راستہ نہیں ملتا۔ شام کے اوقات میں اہل علاقہ شدید مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ برنس روڈ کی بندش سے مخصوص علاقہ نہیں بلکہ اطراف کے علاقے بھی متاثر ہوتے ہیں۔
Load Next Story