صدر عارف علوی نے الیکشن کی تاریخ دے کر غیر آئینی کام کیا وزیراعظم
عارف علوی نے 9 ماہ پہلے بھی غیر آئینی حرکت کی تھی، میں انہیں خط لکھوں گا، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر مملکت نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن کی تاریخ دے کر غیر آئینی حرکت کی ہے۔
کابینہ اجلاس کے بعد اراکین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ صدر مملکت نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے جس پر میں انہیں خط لکھوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات کی تاریخ دے کر صدر نے مکمل طور پر غیر آئینی حرکت کی ہے کیونکہ صدر کو صوبوں کے الیکشن کی تاریخ دینے کا آئینی اختیار نہیں ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ صدر مملکت نے 9 ماہ پہلے بھی غیر آئینی حرکت کی تھی۔
دوسری جانب صدرمملکت کی دی گئی تاریخ پر پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کرانے کے معاملے پر الیکشن کمیشن مسلسل دوسرے روز کسی حتمی نتیجہ پر نہ پہنچ سکا، چیف الیکشن کمشنرکی زیر صدارت ہونے والا مشاورتی اجلاس گزشتہ روز کیطرح بے نتیجہ رہا۔
الیکشن کمیشن نے اٹارنی جنرل شہزاد عطا الہی سے تحریری رائے دینے کی ہدایت کی اور آئینی و قانونی ماہرین شاہ خاور اور سجیل سواتی سے بھی الیکشن کمیشن نے تحریری رائے مانگ لی۔ اٹارنی جنرل، دونوں آئینی و قانونی ماہرین صدر کی طرف سے تاریخ مقررکرنے کے معاملہ پر اپنی رائے دیں گے۔
تحریری آرا موصول ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کا اجلاس 23 فروری کو دوبارہ ہوگا۔
واضح رہے کہ صدر مملکت نے الیکشن کمیشن سے مشورے کے بغیر صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن کے لئے 9 اپریل کی تاریخ دی تھی۔