سینٹرل پولیس آفس لاہور میں حفاظتی اہلکاروں کی فائرنگ مشق کروانے کا حکم
پریکٹس قلعہ گجر سنگھ فائرنگ رینج میں تین روز تک جاری رہے گی، مقصد ایمرجنسی حالات میں رسپانس ریٹ بہتر بنانا ہے
سینٹرل پولیس آفس لاہور میں سکیورٹی پر مامور اور گن مین کی ڈیوٹی کرنے والے اہل کاروں کی فائرنگ پریکٹس کروانے کا حکم دے دیا گیا۔
اس سلسلے میں جاری مراسلے کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سینٹرل پولیس آفس میں سکیورٹی اور گن مین ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں کی فائرنگ پریکٹس کروانے کا حکم دیا ہے۔
تمام اہل کار پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کی فائرنگ رینج میں مرحلہ وار 3 روز کے اندر فائرنگ پریکٹس کریں گے۔ پہلی شفٹ میں 34 جب کہ دوسری شفٹ میں 24 اہل کار فائرنگ پریکٹس کریں گے۔
اے آئی جی ایڈمن نے فائرنگ پریکٹس کے لیے گولیوں کی فراہمی سمیت دیگر انتظامات سے متعلق ایس پی ہیڈ کوارٹرز کو مراسلہ بھجوا دیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ پریکٹس کا مقصد ایمرجنسی صورتحال میں سکیورٹی اہلکاروں کے رسپانس ریٹ کو بہتر سے بہتر بنانا ہے۔