جمعہ کو کراچی میں دھند سے حد نگاہ متاثر ہوسکتی ہے محکمہ موسمیات
جمعرات کو کراچی آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ریکارڈ ہوا
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ کو شہر قائد میں دھند کے سبب حد نگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں کے دوران شہر کا مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے جبکہ صبح کے وقت دھند کے سبب حد نگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو درجہ حرارت میں ایک ڈگری اضافہ متوقع ہے، کم سے کم پارہ 16 سے18 ڈگری رہنے جبکہ دومختلف سمتوں (جنوبی اورجنوب مغربی) کی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق جمعرات کی صبح کئی روز بعد کراچی کی فضائیں پھر آلودہ ریکارڈ ہوئیں، فضاؤں میں آلودہ زرات کی مقدار 174 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ کراچی دنیا بھر میں چوتھے نمبر پر رہا۔
لاہور 198 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ دنیا کے آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ریکارڈ ہوا، آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں کرانسونیارک، روس 180 پریٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ دوسرے جبکہ دہلی، بھارت 177 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
درجہ بندی کے مطابق 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضر صحت، 201 سے 300 تک آلودگی انتہائی مضرصحت جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔