ترکیہ زلزلہ پاکستانی ریسکیو ٹیم زبردست عوامی پذیرائی کے ساتھ وطن واپس پہنچ گئی

ترک حکام اور عوام نے پاکستانی ریسکیو ٹیم کو شاندار خدمات پر تاریخی انداز میں الوداع کیا


ویب ڈیسک February 24, 2023
فوٹو اسکرین گریپ

پاکستان کی جانب سے زلزلے کے بعد امدادی اور ریسکیو کاموں کے لیے ترکیہ بھیجی جانے والی ٹیم زبردست عوامی پذیرائی کے ساتھ وطن واپس پہنچ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاک فوج کی ریسکیو ٹیم ترکیہ زلزلہ زدگان کی امدادی کاررواٸیوں کے بعد سب سے آخر میں آج صبح وطن واپس آٸی ہے۔ ریسکیو آپریشن ترکیہ حکومت کے اعلان کے بعد ختم کیا گیا۔

پاکستان پہنچنے پر ترکیہ کے پاکستان میں سفیر مہمت Pecaci نے ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔ سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان خصوصاً پاک فوج اور این ڈی ایم کے کی امدادی ٹیموں نے مشکل کی گھڑی میں ترکیہ کا بھرپور ساتھ دیا جس پر ترکیہ عوام ان کی مشکور ہے۔

پاکستانی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے ترکیہ کے زلزلے سے متاثر ہونے والے علاقے اڈیامن میں 17 روزہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا، پاکستانی ٹیم میں آرمی کا 33 رکنی دستہ اور ریسکیو 1122 کا 53 رکنی دستہ شامل تھا۔

ریسکیو ٹیموں نے مجموعی طور پر 91 مقامات پر امدادی کام کیا جبکہ 39 مقامات پر ریسکیو آپریشن میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحتوں کے جوہر دکھائے۔ شب و روز کاوشوں سے 8 افراد کو زندہ بچالیا گیا جن میں چھوٹے بچے بھی شامل تھے، اس کے علاوہ 5 دیگر زندہ افراد کی نشاندہی پر دوسری ریسکیو ٹیموں کی امداد سے ان افراد کو بھی بحفاظت زندہ نکالا گیا۔

ریسکیو ٹیم نے ملبے تلے دب کر مرنے والے 138 افراد کی لاشیں نکال کر ترکیہ انتظامیہ کے حوالے کیں۔ ریسکیو ٹیم نے 2 سائٹس کو خیمہ بستی کیلٸے مکمل کلیئر کیا۔ ریسکیو ٹیم کا آپریشن مسلسل کئی روز تک جاری رہا، ترکیہ عوام کے دل جیت کر پاکستان کے امدادی کارکنان نے دنیا بھر میں وطن عزیز کے نام کو سرخرو کیا۔

قبل ازیں ریسکیو ٹیم کے اعزاز میں ترکی میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی سفیر اور استنبول کے ڈپٹی گورنر ازلیم بوزکرٹ گیورک نے شرکت کی اور پاکستانی رضاکاروں کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔

پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور ترکی کے حکام نے پاکستانی ٹیم کو تالیوں کے ساتھ رخصت کیا اور کہا کہ پاکستان امداد اور بحالی کی کوششوں میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلٸے سب سے پہلے پہنچنے اور سب سے آخر میں وہاں سے نکلنے پر بین الاقوامی اور ترکیہ میڈیا پر پاکستان کی ریسکیو ٹیم کی تعریفیں بھی کی گئیں۔

وطن واپسی پر ترکیہ کے ایئرپورٹ پر پاکستانی ریسکیو ٹیم کو شاندار انداز میں الوداع کیا گیا جہاں ہوائی اڈے پر موجود ترک حکام نے تالیاں بجا کر عملے کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر پاکستان زندہ باد اور پاک ترک دوستی زندہ باد کے نعرے بھی فضا میں بلند ہوئے۔


اُدھر وزیر اعظم شہباز شریف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'قوم کے ان بہادر اور فرض شناس بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ترکیہ کے بہنوں، بھائیوں اور بچوں کی زلزلہ کی تباہی کے دوران زندگیاں بچائیں'۔ انہوں نے لکھا کہ ریسکیو حکام نے دن رات انسانیت کے جذبے سے کام کیا۔ ترکیہ میں ریسکیو آپریشن مکمل ہونے پر ریسکیو 1122 کے دستے کی وطن واپسی کا قابل فخر اور روح پرور نظارہ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں