پی ٹی آئی کارکنان قیدی وین سے لٹک کر تصاویر بنوانے لگے

کارکنان خودساختہ گرفتاری کے لیے قیدی وین میں داخل ہو رہے ہیں

فوٹو : اسکرین گریب

پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک آج راولپنڈی سے شروع ہوگئی لیکن پولیس نے کارکنان کو گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

راولپنڈی پولیس کی جانب سے کارکنان کو گرفتار نہ کرنے پر کارکنان خودساختہ گرفتاری کے لیے قیدی وین میں داخل ہو رہے ہیں اور قیدی وین سے لٹک کر تصاویر بھی بنوا رہے ہیں۔

پولیس نے تاحال کسی بھی کارکن کو گرفتار نہیں کیا جبکہ راولپنڈی پولیس ٹریفک رواں دواں رکھنے میں مصروف ہے۔


فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک میں کوئی گرفتاری نہیں کی جائے گی البتہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

آئی جی پنجاب کی پالیسی کے مطابق گرفتار افراد کو جیلوں میں منتقل کیا جائے گا۔

دوسری جانب، کمیٹی چوک پہنچنے والے پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان قیدی وین میں بیٹھ گے لیکن پولیس نے کسی کو گرفتار نہیں کیا۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کہنے پر قیدی وین میں بیٹھا ہوں، نہ میں ضمانت کرواؤں گا اور نہ میرے بیوی بچے عدالت جائیں گے، عمران خان جب تک نہیں کہیں گے ضمانت نہیں کرواؤں گا۔
Load Next Story