پاکستان نرسنگ کونسل کے نام سے جعلی ادارہ چلانے کے الزام میں 3 ملزمان گرفتار

ملزمان عام شہریوں سے بھاری رقوم کے عوض جعلی نرسنگ ڈپلومہ، ڈگریاں، نرسنگ کارڈز جاری کرتے تھے، حکام


ویب ڈیسک February 24, 2023
—فوٹو: ایکسپریس

ایف آئی اے اسلام آباد نے پاکستان نرسنگ کونسل کے نام سے جعلی ادارہ چلانے کے الزام میں 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے ڈائریکٹر اسلام آباد کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر ای جی او اے یونٹ رانا شاہد حبیب کی سربراہی میں ٹیم نے کارروائی میں 3 ملزمان کو گرفتار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف کارروائی پاکستان نرسنگ کونسل کی شکایت پر کی گئی، ملزمان پاکستان نرسنگ کونسل کے نام سے جعلی ادارہ چلانے میں ملوث تھے۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں آصف محمود، عبدالرزاق اور امین خان شامل ہیں جبکہ ملزمان عام شہریوں سے بھاری رقوم کے عوض جعلی نرسنگ ڈپلومہ، ڈگریاں، نرسنگ کارڈز جاری کرتے تھے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان نے کھنہ پل اسلام آباد میں دفاتر بنا رکھے تھے اور پنجاب اور کے پی میں 18 سے زائد جعلی کالج رجسٹر کئے ہوئے تھے، دوران تلاشی دفتر سے بھاری مقدار میں جعلی ٹیکنیکل ڈگریاں، نرسنگ سرٹیفیکیٹ، کارڈز، سرٹیفیکیٹ بنانے والے آلات برآمد کر لیے گئے۔

حکام نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے کلر پرنٹر اور مٹل ڈائی، مونوگرام امبوز مشینیں اور سرکاری اداروں کی جعلی مہریں بھی بر آمد کر لی گئی، ملزمان نے آن لائن داخلے کے نام پر بھاری فیسیں وصول کی ہوئی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں