راولپنڈی میں خونی بسنت کمسن بچی سمیت 3 جاں بحق 50 سے زائد زخمی
بسنت کی روک تھام نہ کرنے پر دو ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز معطل، وزیراعلیٰ پنجاب کا بھی سخت نوٹس
راولپنڈی میں بسنت کے دوران فائرنگ کے واقعات میں کمسن بچی سمیت دو نوجوان جاں بحق جبکہ گولیاں لگنے، پتنگ کی ڈور اور چھت سے گرنے کے نتیجے میں 50 سے زائد زخمی ہوگئے جن میں بیشتر بچے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق انتظامیہ کے بسنت پر پابندی اور پولیس کے اقدامات کے دعوؤں کی عوام نے قلعی کھول دی اور انہوں نے کھل کر قانونی احکامات کی دھجیاں اڑائیں۔
بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ اور قاتل ڈور کا آزادنہ استعمال کیا گیا، سرکاری اسپتالوں سے حاصل کردہ اعدود و شمار کے مطابق بسنت میں تھانہ رتہ کی حدود میں سر میں گولی لگنے سے 20 سالہ ارحم افضل جاں بحق ہوا جبکہ محلہ فضل آباد میں 14 سالہ کمیل علی پتنگ اڑاتے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا۔
راولپنڈی کے علاقے موہن پورہ کی رہائشی 7 سالہ ہانیہ کے سر میں گولی لگی جو اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی۔
علاوہ ازیں فائرنگ ، پتنگ کی ڈور اور چھت سے گر کر پچاس سے زائد شہری زخمی ہوئے جنہیں بے نظیر اسپتال، ڈی ایچ کیو اور ہولی فیملی ہسپتال کیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے، جو قاتل ڈور پھرنے، چھت سے گرنے، کرنٹ لگنے اور پتنگ لوٹتے گاڑیوں سے ٹکرا کر زخمی ہوئے ہیں۔
زخمیوں میں ایس پی پوٹھوہار کا آپریٹر بھی شامل ہیں جو کاندھے پر گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ اسپتال منتقل کیے گئے افراد میں سے 10 کی حالت تشویشناک ہے۔پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ بسنت بازی کرنے والے درجنوں افراد کو گرفتار کیا ہے، ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کی ہے، مقدمات درج کیے جائیں گے۔
پولیس کا درجنوں افراد کی گرفتاریوں کا دعویٰ
دوسری جانب پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والے درجنوں افراد کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے جبکہ متعدد پتنگ فروشوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
راول ڈویژن میں پتنگ بازی سے شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعہ پر آر پی او راولپنڈی سید خرم علی نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کو واقعہ کے ذمہ داروں کیخلاف فوری کارروائی کا حکم دیا اور جن مکانات کی چھتوں سے پتنگیں اڑائی جارہی ہے اُن کے مالکان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔
سید خرم علی نے کہا ہک کسی بھی شخص کو شہریوں کی زندگی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائیگی.
نگراں وزیراعلیٰ کا نوٹس
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا راولپنڈی میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی اور فائرنگ کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اموات پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کے بہترین علاج و معالجے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ راولپنڈی میں پتنگ بازی و فائرنگ کے واقعات سمیت قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔
آئی جی پنجاب نے دو ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو معطل کردیا
آئی جی پنجاب نے بسنت سے روکنے میں ناکامی اور خونی بسنت پر ڈی ایس پی نیو ٹاؤن اور ڈی ایس پی سٹی جبکہ ایس ایچ او ایئرپورٹ، ایس ایچ او رتہ اور ایس ایچ او صادق آباد کو معطل کردیا۔