رواں ہفتے 33 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ
ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید2.78 فیصد اضافہ ہوا ہے، محکمہ ادارہ شماریات
حالیہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید 2.78 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 41.54 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں 2.89 فیصد اضافہ ہوا اور سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 38.42 فیصد پر ریکارڈ کی گئی تھی جو حالیہ ہفتے بڑھ کر 41.54 فیصد پر پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 33 اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ 6 کی قیمتوں میں کمی اور 12 کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے جبکہ 23 فروری2023کو ختم ہونے والے ہفتے میں مہنگائی میں اضافہ اشیائے خوردونوش کی قیمتں بڑھنے سے ہوا اور مہنگائی سے سب سے زیادہ 44 ہزار 175 روپے ماہانہ آمدن والا طبقہ متاثر ہوا اور 44ہزار 175روپے ماہانہ آمدنی والے کیلئے مہنگائی کی ہفتہ وارشرح42.98فیصدرہی ہے۔